اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس(آئی ٹی پی) کی شہر میں مربوط ٹریفک نظام کو یقینی بنانے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بلا تفریق قانونی کارروائیاں جاری ہیں،گزشتہ ہفتے کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر11ہزار600سے زائد گاڑیوں، موٹر سائیکل سواروں ،مال برداراور عوامی نقل و حمل کی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔پولیس ترجمان کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پو لیس وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو ہر ممکن سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں عمل میں لا کر حادثات کی روک تھام اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔اس سلسلہ میں گزشتہ ہفتے کے دوران اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر11ہزار600سے زائدگاڑیوں ،موٹر سائیکل سواروں ،مال بردار اور عوامی نقل و حمل والی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائیاں کی گئیں۔
اسلام آبادٹریفک پولیس نے خصوصی مہم کے تحت998 بغیر ہیلمٹ،2552غیر قانونی پارکنگ ،808 غلط سمت کے استعمال ،1169ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی، 114بغیر لائسنس ،821لین قوانین کی خلاف ورزی،4741اوورلوڈنگ گاڑیوں اورفٹنس سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر94ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں جبکہ وفاقی دارالحکومت میں رکشے کے داخلے پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 207 رکشہ ڈرائیورز کے خلاف بھی قانونی کاروائیاں عمل میں لائی گئیں ۔اسی طرح ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے 60 ڈرائیورز کو چالان دئیے گئے اور 45 ڈرائیورز کو آگاہی فراہم کی گئی۔ ایس پی ٹریفک ماجد اقبال نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ دورا ن ڈرائیونگ ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اسلام آباد ٹریفک پولیس سے تعاون کریں تاکہ شہر میں مربوط ٹریفک کے نظام کو برقرار رکھتے ہوئے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس حادثات کی روک تھام اور قانون کی بالا دستی کو مساوی بنیادوں پر یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔