22.6 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںایشیائی ترقیاتی بینک مسافروں کی آمدورفت، تجارتی سرگرمیوں اور علاقائی روابط کوبہتربنانے...

ایشیائی ترقیاتی بینک مسافروں کی آمدورفت، تجارتی سرگرمیوں اور علاقائی روابط کوبہتربنانے کے تناظر میں ایم ایل ون منصوبے کی مرحلہ وار معاونت کرے، وفاقی وزیراحدخان چیمہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):وفاقی وزیراقتصادی امور احدخان چیمہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے مسافروں کی آمدورفت، تجارتی سرگرمیوں اور علاقائی روابط کوبہتربنانے کے تناظر میں ایم ایل ون منصوبے کی مرحلہ وار معاونت کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے پر عمل درآمد کے جلد آغاز کے لیے پروسیسنگ کے دورانیے کو کم کیا جائے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے صدر مساتو کاندا سے ملاقات میں کہی۔ وفاقی وزیر نے بینک کے صدر کے دورہ پاکستان کو پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان دیرینہ اور پر اعتماد شراکت داری کا مظہر قرار دیا جس نے برسوں سے ملک کی ترقیاتی ترجیحات میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے اسلام آباد میں اے ڈی بی کے نئے دفتر کی عمارت کے آغاز پر بھی ادارے کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پاکستان کے ساتھ طویل اور قریبی تعلقات میں ایک اور سنگ میل ہے۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کی معیشت کی بحالی اور استحکام کے اقدامات کیلئے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری سے ملکی معیشت پر بیرونی اعتماد کی عکاسی ہو رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس بینک کے سابق صدر کے دورے کے دوران دو ارب ڈالر کے اضافی فنڈزپر اتفاق کیا گیا تھا اور اب بہتر ہوتے معاشی اشاریوں کے تناظر میں اس میں اضافہ ضروری ہے ۔

اس موقع پر سیکرٹری ریلوے نے ایم ایل ون منصوبے پر تفصیلی پریزنٹیشن دی اور اس کے دائرہ کار اور مالی ضروریات سے بینک کے صدر اوران کی ٹیم کو آگاہ کیا۔وفاقی وزیر نے اعتماد ظاہر کیا کہ اے ڈی بی مسافروں کی آمدورفت، تجارتی سرگرمیوں اور علاقائی روابط کو بہتر بنانے کے تناظر میں ایم ایل ون منصوبے کی مرحلہ وار معاونت کرے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ منصوبے پر عمل درآمد کے جلد آغاز کے لیے پروسیسنگ کے دورانیے کو کم کیا جائے۔ انہوں نے کریڈٹ گارنٹی فریم ورک میں اصلاحات اور اضافی فنڈز و معاونت کے بہتر استعمال کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔وفاقی وزیر نے موسمیاتی فنانس میں اضافہ کو یقینی بنانے پر زور دیا اور کہا کہ موجودہ ملکی مختص رقوم کی دوبارہ تخصیص کر کے سیلاب یا موسمیاتی چیلنجز کے لیے استعمال کرنا اصل میں خالص اثر کو محدود کر دیتا ہے اور دیگر اہم ترقیاتی شعبوں کے وسائل کو متاثر کرتا ہے۔اے ڈی بی بینک کے صدر نے حالیہ تباہ کن مون سون بارشوں اور سیلاب میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کی اور متاثرہ آبادیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے پاکستان کی حالیہ معاشی اصلاحات اور استحکام کی کوششوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ اے ڈی بی ملک کی ترقیاتی کاوشوں میں طویل المدتی شراکت دار رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بینک کا بانی رکن ہے اور بینک کے بڑے پانچ قرض لینے والے ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے اقتصادی امور ڈویژن اور اے ڈی بی پاکستان ریزیڈنٹ مشن ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا جن کی بدولت مالی سال 2024-25ء میں 2.2 ارب ڈالر کی ریکارڈ معاونت حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ مزید بہتر ہونے پر قرضوں کی حد پر نظر ثانی کی جائے گی۔ انہوں نے ایم ایل-1 منصوبے کی تزویراتی اہمیت کو تسلیم کیا اور اس کے لیے معاونت کا عزم ظاہر کرتے ہوئے روہڑی تا کراچی سیکشن کے جلد آغاز کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے کے تحت سی ڈی اے اسلام آباد میں اے ڈی بی کے نئے دفتر کی تعمیر کے لئے اراضی فراہم کرے گی۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں