ایوان افواج پاکستان اور دفاعی اداروں کے خلاف بات کرنے والوں کا ساتھ نہیں دے گا، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے شہریوں اورافواج پاکستان نے ہزاروں شہادتیں دی ہیں، ایوان افواج پاکستان اوردفاعی اداروں کے خلاف بات کرنے والوں کا ساتھ نہیں دے گا جبکہ سپیکرقومی اسمبلی نے کہاہے کہ وہ دہشت گردوں کی حمایت میں کسی کو ایوان میں بولنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ پیرکوقومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کے اراکین کی جانب سے …

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے شہریوں اورافواج پاکستان نے ہزاروں شہادتیں دی ہیں، ایوان افواج پاکستان اوردفاعی اداروں کے خلاف بات کرنے والوں کا ساتھ نہیں دے گا جبکہ سپیکرقومی اسمبلی نے کہاہے کہ وہ دہشت گردوں کی حمایت میں کسی کو ایوان میں بولنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

پیرکوقومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کے اراکین کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن بندکرنے کے حوالہ سے نعرے بازی اوراحتجاج کے جواب میں وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے ایوان کوبتایا کہ ہم نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ ایوان میں تنائو اورتلخی کاماحول نہ ہو، عوام نے جس مقصدکیلئے ہمیں بھیجا ہے اس کے لئے کام کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ تمام معاملات سوشل میڈیا پر ہیں اورعوام کے سامنے ہیں۔

ایسے صحافی اس معاشرے میں ہیں کہ جنہوں نے 33سال کام کیا اور ابھی ان کے پاس صرف موٹرسائیکل کی سواری ہے، ہمیں ایسے صحافیوں کی قدرکرنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ یہ کونسا احتجاج ہے، اگریہ لوگ دہشت گردوں کے ساتھ کھڑے ہونا چاہتے ہیں توکھل کرسامنے آئیں۔انہوں نے کہاکہ ایک لاکھ شہادتوں کاحساب دینے کی بجائے اگرافواج پاکستان اوردفاعی اداروں کے خلاف بات کریں گے توایوان ساتھ نہیں دے گا۔

انہوں نے کہاکہ ایوان میں عوامی مفاد کی بات کرنا چاہئے، اپوزیشن کے اراکین تنخواہیں اورٹی اے ڈی اے بھی لے رہے ہیں اور اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہے، سپیکر کو بھی اس حوالہ سے مناسب رولنگ دینا چاہئے۔ سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ وہ فتنہ الخوارج اور دہشت گردوں کی حمایت میں کسی کو ایوان میں بولنے کی اجازت نہیں دیں گے۔