لاہور۔30ستمبر (اے پی پی):قومی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہے اور 12 اکتوبر سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگی۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق شان مسعود ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ تین نئے کھلاڑی آصف آفریدی، فیصل …
جنوبی افریقاکے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے 18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان

مزید خبریں
لاہور۔30ستمبر (اے پی پی):قومی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہے اور 12 اکتوبر سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگی۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق شان مسعود ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ تین نئے کھلاڑی آصف آفریدی، فیصل اکرم اور روحیل نذیر پہلی بار سکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔ جنوبی افریقا جو گزشتہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (2023-25) کا فاتح ہے، پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر کو لاہور میں کھیلے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شیڈول ہے۔
دو ٹیسٹ میچوں کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی اور تین ایک روزہ میچزکی سیریز بھی کھیلی جائے گی ، جن کا آغاز 28 اکتوبر سے ہوگا۔ وائٹ بال سکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔پری سیریز کیمپ میں شامل کھلاڑی (کل )بدھ سے ہیڈ کوچ اظہر محمود اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز کی زیر نگرانی ٹریننگ کا آغاز کریں گے، جو 8 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ ایشیا کپ کھیلنے والے کھلاڑی 4 اکتوبر کو سکواڈ کو جوائن کریں گے۔
جنوبی افریقا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے اعلان کردہ 18 رکنی قومی سکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، آصف آفریدی، بابر اعظم، فیصل اکرم، حسن علی، امام الحق، کامران غلام، خرم شہزاد، محمد رضوان، نعمان علی، روحیل نذیر، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔








