پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی، کے ایس ای100 انڈیکس 46800 پوائنٹس کی سطح پر بند

68
Stock market
Stock market

کراچی ۔ 4 اگست (اے پی پی) چار دنوں سے مسلسل تیزی کی جانب گامزن پاکستان اسٹاک مارکیٹ کاروباری ہفتہ کے آخری روز جمعہ کو مندی کی لپیٹ میں آگئی اور کے ایس ای100انڈیکس 47 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے کم ہو کر 46800پوائنٹس کی کم سطح پر بند ہوا، مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 36ارب سے زائد روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ حصص کی لین دین جمعرات کی نسبت 11کروڑ شیئرز کم رہا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کا آغاز تیزی کیساتھ ہوا ،بینکنگ ،اسٹیل ،توانائی ،تیلی کام ،سیمنٹ ،موٹر ،کیمیکل سمیت دیگر شعبوں میں خریداری کے باعث ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 47242پوائنٹس کی بلند سطح پر جا پہنچا تھا بعد ازاں منافع خوری کی خاطر فروخت کے دباﺅ کی وجہ سے تیزی مندی میں تبدیل ہو گئی اور انڈیکس نہ صرف47000پوائنٹس کی سطح پر واپس آگیا بلکہ 46900پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے بھی نیچے گر گیا ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق کاروبار ی ہفتے کا آخری دن ہونے کی وجہ سے منافع کا رجحان دیکھا گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ مندی کاشکار ہو گئی ۔