معاشی استحکام و ترقی کے لیے لاہور چیمبر کی کوششیں مزید تیز کی جائیں گی، فہیم الرحمن سہگل

لاہور۔2اکتوبر (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حکومت کے ساتھ مل کر ملک میں معاشی ترقی اور استحکام کے حصول کے لیے اپنی کوششوں کو مزید تیز کرے گا۔ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل، سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ اور نائب صدر خرم لودھی نے آمنہ رندھاوا کی سربراہی میں ویمن انٹرپنیورز ، عصمت اللہ خان نیازی کی سربراہی میں ٹرانسپورٹرز ایسوسی …

لاہور۔2اکتوبر (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حکومت کے ساتھ مل کر ملک میں معاشی ترقی اور استحکام کے حصول کے لیے اپنی کوششوں کو مزید تیز کرے گا۔ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل، سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ اور نائب صدر خرم لودھی نے آمنہ رندھاوا کی سربراہی میں ویمن انٹرپنیورز ، عصمت اللہ خان نیازی کی سربراہی میں ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن ، لالہ یاسر کی سربراہی میں ٹرک ٹرالرز ایسوسی ایشن ، مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان اور چودھری افتخار بشیر کی سربراہی میں پاکستان گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداران نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے لاہور چیمبر مختلف سیکٹرز سے متعلق اپنی تحقیقی رپورٹس حکومت کے ساتھ شیئر کرے گا تاکہ پالیسی سازی میں نجی شعبے کی تجاویزمو ثر انداز میں شامل ہوسکیں۔

وفود نے کاروباری طبقے اور حکومت کے درمیان رابطے کا مو ثر ذریعہ بننے پر لاہور چیمبر کے کردار کو سراہا اور مطالبہ کیا کہ تجارتی و صنعتی ماحول کو مزید سازگار بنانے کے لیے کوششوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ہنر مندی کے فروغ کے پروگرامز کو فروغ دیا جائے، سپورٹ اور مارکیٹنگ کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن اور ٹرک ٹرالرز ایسوسی ایشن کے وفود نے لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش بڑھتی ہوئی مشکلات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لاجسٹکس نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے فوری مراعات اور پبلک پرائیویٹ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے تاکہ تجارتی کارکردگی بہتر بنائی اور کاروباری لاگت میں کمی لائی جا سکے۔مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کو فروغ دینے، مارکیٹ کے انفراسٹرکچر میں بہتری اور برآمدات پر مبنی برانڈنگ حکمت عملی اپنانے کے لیے جامع قومی پالیسی کی ضرورت پر زور دیا۔

پاکستان گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن نے لانگ ٹرم اور مستحکم صنعتی پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ صنعت کا تسلسل اور عالمی مسابقت برقرار رہ سکے۔وفود سے خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ لاہور چیمبر کاروباری برادری کی سب سے مضبوط آواز ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی اور نجی شعبے کے درمیان تعاون معاشی چیلنجز پر قابو پانے اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے ناگزیر ہے۔لاہور چیمبر تمام متعلقہ فورمز پر صنعتوں کے مسائل اجاگر کرتا رہے گا۔ سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ اور نائب صدر خرم لودھی نے بھی خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کی قیادت نے وفود کو یقین دلایا کہ ان کی تجاویز کو لاہور چیمبر کی پالیسی سفارشات میں شامل کیا جائے گا۔لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری ،ایگزیکٹو کمیٹی ممبران رانا شعبان اختر، ریاض شاہد تاجک اور آصف خان بھی ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ اجلاس میں شریک ہوئے۔