لاہور سیالکوٹ موٹروے پر حادثات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی مشق کا انعقاد

لاہور سیالکوٹ موٹروے (ایم 11) لاہور ٹال پلازہ پر بڑے حادثات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشترکہ ایمرجنسی مشق کا انعقاد کیا گیا۔

لاہور۔11جون (اے پی پی):لاہور سیالکوٹ موٹروے (ایم 11) لاہور ٹال پلازہ پر بڑے حادثات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشترکہ ایمرجنسی مشق کا انعقاد کیا گیا۔ مشق میں موٹروے پولیس، ریسکیو سروسز، فائر فائٹنگ یونٹس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حصہ لیا۔ فرضی حادثے اور آتشزدگی کی صورتحال پیدا کرکے مختلف اداروں کی تیاری، ردعمل اور باہمی رابطے کا عملی جائزہ لیا گیا۔مشق کے دوران امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، آگ پر قابو پایا اور ٹریفک کی روانی کو بحال کیا۔ اس موقع پر مختلف اداروں کے درمیان موثر رابطہ، پیشہ ورانہ مہارت اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ ڈی آئی جی موٹروے پولیس نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ موٹروے پولیس کی اولین ترجیح ہے۔