پنجاب حکومت زرعی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ،اسسٹنٹ کمشنرسمڑیال

اسسٹنٹ کمشنر سمڑیال عدنان بشیر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کسان دوست پالیسیوں کے ذریعے زرعی شعبے کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

سیالکوٹ۔ 11 جون (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر سمڑیال عدنان بشیر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کسان دوست پالیسیوں کے ذریعے زرعی شعبے کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے زیر اہتمام منعقدہ ’’سرسبز دھان کنونشن‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت میں بنیادی اہمیت کا حامل ہے، جدید زرعی ٹیکنالوجی، معیاری بیجوں جدید مشینری کے استعمال سے نہ صرف فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ کاشتکاروں کی آمدنی میں بھی نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو زرعی مداخل کی بروقت فراہمی، جدید کاشتکاری طریقوں سے آگاہی اور زرعی مشینری تک رسائی فراہم کرنے کے لیے مختلف پروگرامز جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھان جیسی اہم فصل کی بہتر پیداوار کے لیے جدید سفارشات پر عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔اسسٹنٹ کمشنر نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ زرعی ماہرین کی ہدایات کے مطابق معیاری بیج، متوازن کھادوں اور جدید پیداواری طریقوں کو اپنائیں تاکہ کم لاگت میں زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے۔

بعد ازاں انہوں نے دھان اور دیگر فصلوں کی کاشت میں استعمال ہونے والی جدید زرعی مشینری کا جائزہ لیا اور مشینوں کی افادیت، کارکردگی اور جدید زرعی تقاضوں کے مطابق ان کے استعمال بارے معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جدید زرعی مشینری وقت اور محنت کی بچت کے ساتھ ساتھ پیداواری لاگت میں کمی اور فصلوں کے معیار میں بہتری کا موثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ جدید زرعی ٹیکنالوجی اور کاشتکاری کے جدید طریقوں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ کسانوں کو آگاہ کیا جائے تاکہ زرعی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے اہداف کو موثر انداز میں حاصل کیا جا سکے۔