وزیرِ مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے گلوبل سینٹر برائے چائلڈ اینڈ ایڈولیسنٹ مینٹل ہیلتھ کا دورہ کیا۔
وزیرِ مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ کا گلوبل سینٹر برائے چائلڈ اینڈ ایڈولیسنٹ مینٹل ہیلتھ کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے گلوبل سینٹر برائے چائلڈ اینڈ ایڈولیسنٹ مینٹل ہیلتھ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عثمان ہمدانی، بانی ڈائریکٹر گلوبل انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن ڈویلپمنٹ بھی ان کے ہمراہ تھے۔پاکستانی وفد کا استقبال چائلڈ مائنڈ انسٹی ٹیوٹ اورایس این ایف گلوبل سینٹر کی قیادت نے کیا۔ اجلاس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرِ نفسیات ڈاکٹر عائشہ میان نے آن لائن شرکت کی۔وفد کو ایس این ایف گلوبل سینٹر کے جدید اور مؤثر ماڈل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ پاکستانی وفد نے ملک میں ذہنی صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات اور اقدامات سے آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین کے درمیان تکنیکی تعاون، مشترکہ تحقیق، ڈیٹا شیئرنگ اور استعداد کار بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پاکستانی ماہرین کی بین الاقوامی فیلوشپس میں شرکت کے مواقع کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیرِ مملکت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ پاکستان میں بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کے فروغ کے لیے تحقیق، پالیسی سازی اور جدید طبی طریقۂ کار کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل مینٹل ہیلتھ پالیسی کی تیاری تیزی سے جاری ہے، جبکہ ملک میں نیشنل ہب آف ایکسیلینس کے قیام پر بھی کام ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسکولوں اور بنیادی مراکزِ صحت میں ذہنی صحت کی سہولیات کی فراہمی کو وسعت دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ذہنی صحت کی خدمات عوام کی دہلیز تک پہنچائی جا سکیں۔دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی تعاون کو باضابطہ معاہدے کی شکل دے کر آگے بڑھایا جائے گا تاکہ تحقیق، تربیت اور پالیسی سازی کے شعبوں میں دیرپا شراکت داری قائم ہو سکے۔ڈاکٹر مختار بھرتھ نے عالمی ماہرین کو یکم تا 2 اکتوبر 2026 کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کی تقریبات میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس موقع پر ذہنی صحت کے شعبے میں کئی اہم قومی اقدامات اور پالیسی فیصلوں کا اعلان کرے گا، جو ملک میں ذہنی صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔







