برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی شاہد خاقان عباسی کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد

اسلام آباد ۔ 9 اگست (اے پی پی) برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔ ایوان وزیراعظم کے مطابق بدھ کو برطانوی وزیراعظم نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے نام خط میں کہا کہ برطانیہ کی وزیر داخلہ اور اب وزیراعظم کی حیثیت سے اپنے ادوار کے دوران انہیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے رفقائے کار اور پیشرو کے …

اسلام آباد ۔ 9 اگست (اے پی پی) برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔ ایوان وزیراعظم کے مطابق بدھ کو برطانوی وزیراعظم نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے نام خط میں کہا کہ برطانیہ کی وزیر داخلہ اور اب وزیراعظم کی حیثیت سے اپنے ادوار کے دوران انہیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے رفقائے کار اور پیشرو کے ساتھ باہمی اہمیت کے حامل شعبوں میں تعاون کے فروغ اور دوطرفہ تعلقات کے استحکام کے لئے مل کر کام کرنے کا موقع ملا۔ تھریسامے نے کہا کہ وہ دوطرفہ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتی ہیں اور پاکستان کے نئے وزیر اعظم کے ساتھ مل کر کام کرتی رہیں گی۔ برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا دیرینہ اور قابل اعتماد دوست ہے اور رہے گا۔ ہمارے قومی اور عوامی سطح پر گہرے روابط استوار ہیں جو مشترکہ تاریخ اور مستقبل سے عبارت ہیں۔ یہ سال ان تعلقات کو منانے کے لئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے جب پاکستان اپنی 70 ویں سالگرہ منا رہا ہے اور ہم بھی دوطرفہ تعلقات کی 70 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد میں ہمارا ہائی کمیشن اور لندن میں فارن آفس نے اس خصوصی موقع پر برطانیہ اور پاکستان میں کئی تقریبات کا اہتمام کر رکھا ہے جنہیں میری بھرپور حمایت حاصل ہے۔ تھریسامے نے کہا کہ وہ تاریخی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور ایک محفوظ، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی تشکیل کے لئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی منتظر ہیں۔

Leave a Reply