اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):سینیٹ آف پاکستان کا اجلاس ارکان کی کم حاضری اور جڑواں شہروں میں بعض شاہراہوں کی بندش کے باعث غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔اجلاس کی صدارت پریذائیڈنگ افسر سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کی جنہوں نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کے بعد گھنٹیاں بجانے کی ہدایت کی تاہم مقررہ وقت کے باوجود ایوان میں ارکان کی مطلوبہ تعداد مکمل نہ ہو …
سینیٹ اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی

مزید خبریں
اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):سینیٹ آف پاکستان کا اجلاس ارکان کی کم حاضری اور جڑواں شہروں میں بعض شاہراہوں کی بندش کے باعث غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔اجلاس کی صدارت پریذائیڈنگ افسر سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کی جنہوں نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کے بعد گھنٹیاں بجانے کی ہدایت کی تاہم مقررہ وقت کے باوجود ایوان میں ارکان کی مطلوبہ تعداد مکمل نہ ہو سکی جس پر اجلاس ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا۔قبل ازیں، ایوان میں وقفہ سوالات کو معطل کرتے ہوئے پریذائیڈنگ افسر نے کہا کہ ارکان حالیہ سیلابی صورتحال پر اظہارِ خیال کرنا چاہتے ہیں اور وقت کی کمی کے پیش نظر سوالات و جوابات کا سیشن مؤخر کیا جا رہا ہے۔
وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ اسلام آباد میں ایک مذہبی جماعت کے احتجاج اور داخلی راستوں کی بندش کے باعث متعدد ارکان اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتِ حال ارکان کی حاضری پر اثر انداز ہوئی ہے۔اجلاس کے دوران کورم کی نشاندہی سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بیشتر ارکان بھی اجلاس سے غیر حاضر رہے، اگرچہ بعد ازاں سینیٹر سلیم مانڈی والا اجلاس میں شریک ہوئے تاہم کورم مکمل نہ ہونے کے باعث اجلاس کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔پارلیمانی ذرائع کے مطابق آئندہ اجلاس کی تاریخ کا اعلان چیئرمین سینیٹ کی مشاورت سے کیا جائے گا۔








