حکومت انصاف تک تیز تر اور مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے، بروقت انصاف آئینی حقوق کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کے لیے ناگزیر ہے ، وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ حکومت انصاف تک تیز تر اور مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے کیونکہ بروقت انصاف آئینی حقوق کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کے لیے ناگزیر ہے۔ترجمان وزارت قانون و انصاف کے مطابق وہ گزشتہ روز اسلام آباد میں نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس (این سی ایچ آر) کے زیرِ …

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ حکومت انصاف تک تیز تر اور مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے کیونکہ بروقت انصاف آئینی حقوق کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کے لیے ناگزیر ہے۔ترجمان وزارت قانون و انصاف کے مطابق وہ گزشتہ روز اسلام آباد میں نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس (این سی ایچ آر) کے زیرِ اہتمام ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر انہوں نے انسانی حقوق کے فروغ اور انسانی عظمت، انصاف اور مساوات کے فروغ میں این سی ایچ آر کے کردار کو سراہا۔بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ منصفانہ، بروقت اور قابلِ رسائی انصاف وزارتِ قانون کے وژن کا بنیادی جز ہے۔ انہوں نے عدالتی اصلاحات سے متعلق حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام کی جدید کاری، ای فائلنگ، ڈیجیٹل ریکارڈ کے فروغ، تنازعات کے متبادل حل (ADR) کے نظام کو مضبوط بنانے اور قانونی اداروں کی استعداد کار میں اضافہ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عدالتی تاخیر میں کمی اور نظامِ عدل کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔

وزیرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر آئی سی سی پی آر کے تحت اپنے انسانی حقوق سے متعلق وعدوں پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازوں، ججوں، وکلاء اور سول سوسائٹی کو مشترکہ طور پر ایسے اقدامات کرنے ہوں گے جن سے ہر شہری کے لیے انصاف تک آسان اور بامقصد رسائی ممکن ہو سکے۔