غریب بچوں کو مریم نواز آٹزم سکول میں مکمل طور پر مفت تھراپی اور تعلیم دی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ

لاہور۔10اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت سپیشل ایجوکیشن کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مختصر ترین مدت میں خصوصی بچوں کے 5 ہزار سے زائد داخلے کا نیا ریکارڈ قائم ہوا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے معاون خصوصی ثانیہ عاشق اور پوری ٹیم کو شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس میں واضح فیصلہ کیا کہ غریب بچوں …

لاہور۔10اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت سپیشل ایجوکیشن کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مختصر ترین مدت میں خصوصی بچوں کے 5 ہزار سے زائد داخلے کا نیا ریکارڈ قائم ہوا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے معاون خصوصی ثانیہ عاشق اور پوری ٹیم کو شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس میں واضح فیصلہ کیا کہ غریب بچوں کو مریم نواز آٹزم سکول میں مکمل طور پر مفت تھراپی اور تعلیم دی جائے۔اس موقع پر خصوصی بچوں کو ہمت کارڈ پروگرام میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر دنیا بھر سے بہترین ماہرینِ آٹزم کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں مزید48 نئی بسوں کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے آٹزم سکول کے بچوں، اساتذہ اور سٹاف کے لیے یونیفارم اور ڈیزائن کی بھی منظوری دی۔13 رکنی بورڈ آف گورنرز کی تشکیل اورآٹزم ریسورس سینٹر کے تین سالہ اسٹریٹجک پلان کی منظوری بھی دی گئی۔معاون خصوصی ثانیہ عاشق نے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ مریم نواز آٹزم سکول میں ایک کسٹمائزڈ ماڈل نافذ کیا جا رہا ہے جو دنیا کے مختلف ممالک میں رائج کامیاب، ثبوت پر مبنی (ایویڈنس بیسڈ) آٹزم ماڈلزاور بین الاقوامی تحقیقی تجربات کے گہرے مطالعے کے بعد تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ سکول کے لیے ایک جامع فنکشنل گرین نصابِ تعلیم بھی تیار کیا گیا ہے جس میں کمیونیکیشن و لینگویج، لائف اسکلز، اسلامی و اخلاقی تعلیم، ٹیکنالوجی، جسمانی تعلیم اور سماجیات شامل ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا کہ پاکستان کے پہلے آٹزم سکول میں اوپن جم، واکنگ ٹریک، سنسری گارڈن اور سائونڈ تھراپی سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔یہاں 3 سے 16 سال تک کے بچوں کو داخلہ دیا جائے گااور مریم نواز آٹزم سکول اینڈ ریسرچ سینٹر میں بچے 22 سال کی عمر تک زیرِ تعلیم و زیرِ علاج رہ سکیں گے۔اسی طرح سکول کے لئے خصوصی ہائبرڈ ماڈل تیار کیا گیا ہے،جس کے تحت بچوں کو اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں تصویری و تحریری تھراپی دی جائے گی۔

بچوں کے والدین کے لیے بھی کوچنگ ماڈیولز تیار کر لیے گئے ہیں تاکہ گھر اورسکول کے درمیان بہتر ہم آہنگی قائم کی جا سکے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ آٹزم سکول میں بچوں کی سکلز اور حفاظت کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے جبکہ چلڈرن ویلفیئر آفیسرز بچوں کی حفاظت اور فلاح کی براہِ راست نگرانی کریں گے۔ سکول میں ریسرچ اینڈ ٹیچر ٹریننگ ڈویژن بھی قائم ہوگا،جہاں ماسٹر ٹرینرز اساتذہ کو جدید تربیت فراہم کریں گے۔اسی طرح ایک سالہ ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ پروگرامز بھی شروع کیے جائیں گے۔