جسٹس جنید غفار کو کمپٹیشن اپیلٹ ٹربیونل کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):وفاقی حکومت نے سندھ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس جسٹس (ریٹائرڈ) محمد جنید غفار کو کمپٹیشن اپیلٹ ٹربیونل کا چیئرمین تعینات کر دیا ہے۔ کمپٹیشن اپیلٹ ٹربیونل ایک قانونی ادارہ ہے جو کہ کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلوں کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت کرتا ہے۔واضح رہے کہ کمپٹیشن اپیلٹ ٹربیونل کے چیئرمین جسٹس (ر) سجاد علی شاہ 13 اگست 2025 کو 68 سال …

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):وفاقی حکومت نے سندھ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس جسٹس (ریٹائرڈ) محمد جنید غفار کو کمپٹیشن اپیلٹ ٹربیونل کا چیئرمین تعینات کر دیا ہے۔ کمپٹیشن اپیلٹ ٹربیونل ایک قانونی ادارہ ہے جو کہ کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلوں کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت کرتا ہے۔واضح رہے کہ کمپٹیشن اپیلٹ ٹربیونل کے چیئرمین جسٹس (ر) سجاد علی شاہ 13 اگست 2025 کو 68 سال کی عمر مکمل ہونے پر ریٹائر ہو گئے تھے۔ جسٹس سجاد علی شاہ کو 25 فروری 2025 کو ٹربیونل کا چئیرمین مقرر کیا گیا تھا۔ اپنے مختصر لیکن فعال تعیناتی کے دوران انہوں نے ٹربیونل میں زیرِ التوا مقدمات میں سے تقریباً 50 فیصد مقدمات کے فیصلے کئے اور بیک لاک میں واضح کمی کی۔

جسٹس جنید غفار ایک تجربہ کار جج ہیں جنہیں آئینی اور تجارتی قوانین پر عبور حاصل ہے، وہ 2013 میں سندھ ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے، 2015 میں مستقل جج بنے اور بعد ازاں 14 فروری 2025 کو قائم مقام چیف جسٹس جبکہ 8 جولائی 2025 کو سندھ ہائی کورٹ کے مستقل چیف جسٹس تعینات ہوئے۔ انہوں نے 13 ستمبر 2025 کو چیف جسٹس کے عہدے سے ریٹائرمنٹ لی۔ ان کی عدالتی خدمات کے دوران انہوں نے آئینی، تجارتی اور سول مقدمات میں اہم فیصلے دیئے۔

کمپٹیشن اپیلٹ ٹربیونل، کمپٹیشن ایکٹ کے تحت قائم ایک عدالت ہے جہاں کمپٹیشن کمیشن کے فیصلوں، جرمانوں اور احکامات کے خلاف اپیلیں سنی جاتی ہیں۔ یہ ادارہ ملک میں منصفانہ مسابقت کے فروغ، شفافیت اور کاروباری اداروں کے حقوق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ٹربیونل کے دیگر دو ممبران میں فیض الہی میمن اورعاصم اکرم شامل ہیں جنہیں فروری 2025 میں تعینات کیا گیا تھا۔