فلسطین امن معاہدہ ہو گیا ہے ،احتجاج اور توڑ پھوڑ کرنے والے ٹی ایل پی کے عہدیدار تھے ،، سردار محمد یوسف کی دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ احتجاج اور توڑ پھوڑ کرنے والے ٹی ایل پی کے عہدیدار تھے ،باقی کسی بھی مدرسے ،مدرس یا خطیب کے خلاف کارروائی نہیں کی جائے گی، علماء کرام فلسطین امن معاہدہ کے حوالہ سے جمعہ کو یوم تشکر منائیں۔جمعرات کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ،وزیر داخلہ محسن نقوی اوروزیر مملکت برائے …

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ احتجاج اور توڑ پھوڑ کرنے والے ٹی ایل پی کے عہدیدار تھے ،باقی کسی بھی مدرسے ،مدرس یا خطیب کے خلاف کارروائی نہیں کی جائے گی، علماء کرام فلسطین امن معاہدہ کے حوالہ سے جمعہ کو یوم تشکر منائیں۔جمعرات کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ،وزیر داخلہ محسن نقوی اوروزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ امت مسلمہ اور پوری دنیا کا مسئلہ ہے ،دو سال سے دنیا بھر کے لوگ احتجاج کر رہے تھے، اب یہ مسئلہ حل ہو گیا ہے ،ہماری حکومت کا اس حوالے سے جو کردار رہا اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی کوششیں سب کے سامنے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اب فلسطین امن معاہدہ ہو گیا ہے ، وہاں قتل و غارت بند ہو گئی ہے اور وہ خوشیاں منا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج سب کا جمہوری حق ہے تاہم قتل و غارت اور توڑ پھوڑ کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی، ہر شخص کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جتھے نے جو حرکت کی وہ کوئی مذہبی شخص نہیں کر سکتا جس نے توڑ پھوڑ کی ،قانون ہاتھ میں لیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کا کام حفاظت کرنا ہے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ جنہوں نے احتجاج کیا اور توڑ پھوڑ کی وہ ٹی ایل پی کے عہدیدار تھے ،باقی کسی بھی عالم دین ،مدرس یا خطیب کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی خوشی میں شریک ہونا چاہئے ۔علماء کرام جمعہ کو فلسطین امن معاہدے پر یوم تشکر منائیں ، جن علماء کرام سے ہماری بات چیت ہوئی ہے وہ ایسے احتجاج اور توڑ پھوڑکوغیر آئینی اقدام قرار دے رہے ہیں اور اس کی مذمت کر رہے ہیں۔