کاروں کی فروخت میں 53 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):ملک میں کاروں کی فروخت میں رواں مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی کے دوران 53 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی تین ماہ میں جولائی تا ستمبر 2025 کے دوران کاروں کی فروخت 42ہزار 267 یونٹس تک بڑھ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی …

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):ملک میں کاروں کی فروخت میں رواں مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی کے دوران 53 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی تین ماہ میں جولائی تا ستمبر 2025 کے دوران کاروں کی فروخت 42ہزار 267 یونٹس تک بڑھ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں فروخت کا حجم 27 ہزار 585 یونٹس رہا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں کاروں کی فروخت میں 14 ہزار 682 یونٹس یعنی 53.22 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاما کے مطابق ستمبر 2025 کے دوران کاروں ، ہلکی کمرشل گاڑیوں ، ویگنوں اور جیپوں کی مجموعی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر 22 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 67 فیصد کی بڑھوتری ہوئی ہے۔ اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی سال میں ہنڈا اٹلس کارز کی فروخت میں سب سے زیادہ 82فیصد جبکہ پارک سوزوکی کی موٹر کمپنی کی سیلز میں 79 فیصد اور انڈس موٹر کمپنی کی فروخت میں 33 فیصد سالانہ کا اضافہ ہوا ہے۔

اسی طرح جولائی تا ستمبر 2025 کے دوران ساز گار انجینئرنگ کی فروخت بھی 73 فیصد بڑھ گئی۔ دوسری جانب گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ٹرکوں اور بسوں کی فروخت میں مجموعی طور پر 101.29 فیصد کے اضافہ سے مجموعی فروخت کا حجم 926 یونٹس کے مقابلہ میں 1864 یونٹس تک بڑھ گیا۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 3 ماہ میں ٹریکٹروں کی فروخت میں 27 فیصد سالانہ کمی واقع ہوئی ہے تاہم موٹر سائیکلز اور تھری وہیلرز کی فروخت 21فیصد تک بڑھ گئی۔