اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):وفاقی محتسب سید اعجاز احمد قریشی نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈوائزر میجر جنرل (ریٹائرڈ) ہارون سکندر پاشا کی سربراہی میں ایک معائنہ ٹیم ایئرپورٹ بھیجی۔ ترجمان کے مطابق ٹیم میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے شکایات کمشنر ڈاکٹر انعام الحق جاوید اور کنسلٹنٹ پرویز حلیم راجپوت بھی شامل تھے۔معائنہ ٹیم نے اسلام آباد …
وفاقی محتسب کی ٹیم کا اسلام آباد ایئرپورٹ کا اچانک دورہ، مسافروں کی شکایات کا فوری ازالہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):وفاقی محتسب سید اعجاز احمد قریشی نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈوائزر میجر جنرل (ریٹائرڈ) ہارون سکندر پاشا کی سربراہی میں ایک معائنہ ٹیم ایئرپورٹ بھیجی۔ ترجمان کے مطابق ٹیم میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے شکایات کمشنر ڈاکٹر انعام الحق جاوید اور کنسلٹنٹ پرویز حلیم راجپوت بھی شامل تھے۔معائنہ ٹیم نے اسلام آباد ایئرپورٹ کے تمام اہم حصوں قومی و بین الاقوامی لائونجز، امیگریشن، لگیج ایریا، کسٹمز، اے ایس ایف، اے این ایف اور ”یکجا سہولتی ڈیسک“ کا تفصیلی دورہ کیا۔
ٹیم نے مسافروں سے ملاقاتیں کر کے ان کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہی شکایات کے ازالے کے احکامات جاری کیے۔بیرون ملک جانے والے مسافروں نے شکایت کی کہ امیگریشن میں تاخیر، ایف آئی اے اور دیگر ایجنسیوں کے عملے کی جانب سے غیر ضروری پوچھ گچھ اور عدم توجہی جیسے مسائل درپیش ہیں۔ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں نے لگیج کے تاخیر سے ملنے یا گمشدگی کی شکایات کیں۔
دبئی سے آنے والے چند مسافروں نے بتایا کہ تین دن گزر جانے کے باوجود ان کا سامان نہیں ملا۔ ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو طلب کیا اور مسافروں کا سامان واگزار کرایا۔اسی طرح عمرہ پر جانے والے دو افراد کی شکایت پر بھی ٹیم نے موقع پر ہی ان کی پرواز سے متعلق مسئلہ حل کرایا۔
ٹیم نے ہدایت کی کہ کسی بھی فلائٹ کی منسوخی یا شیڈول میں تبدیلی کی صورت میں مسافروں کو فوری طور پر فون یا ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دی جائے تاکہ وہ غیر ضروری پریشانی سے بچ سکیں۔معائنہ ٹیم نے دوران دورہ مسافروں کی سہولت کے لیے سہولتی کائونٹرز کی تعداد بڑھانے اور سینئر سٹیزنز، ڈپلومیٹس اور پارلیمنٹرینز کے لیے الگ کائونٹر قائم کرنے کی ہدایت بھی دی۔ ٹیم کو بتایا گیا کہ فلائٹس کی تعداد کے مطابق کائونٹرز میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
ٹیم نے ”یکجا سہولتی ڈیسک“ پر موجود 12 وفاقی ایجنسیوں کے نمائندگان سے شکایات کی نوعیت کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور شکایات رجسٹرز کا معائنہ کیا۔ ٹیم نے تمام اداروں کے مقامی سربراہان کو ہدایت کی کہ بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ابتدائی رپورٹ وفاقی محتسب کو پیش کر دی گئی ہے۔ وفاقی محتسب نے ہدایت کی ہے کہ ”یکجا سہولتی ڈیسک“ پر تمام اداروں کے نمائندوں کی بائیومیٹرک حاضری یقینی بنائی جائے۔ اس عمل کی نگرانی اوورسیز پاکستانی فائونڈیشن (او پی ایف) کے سپرد کر دی گئی ہے۔








