اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے چینی ٹائلز انڈسٹری کے ایک وفد نے ملاقات کی جس دوران وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ٹائلز اور سرامکس سیکٹر میں کیمروں کی تنصیب کی پالیسی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کے دوران ہارون اختر خان …
وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان سے چینی ٹائلز انڈسٹری کے وفد کی ملاقات، ٹائلز اور سرامکس سیکٹر میں ایف بی آر کے کیمروں کی تنصیب کی پالیسی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے چینی ٹائلز انڈسٹری کے ایک وفد نے ملاقات کی جس دوران وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ٹائلز اور سرامکس سیکٹر میں کیمروں کی تنصیب کی پالیسی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کے دوران ہارون اختر خان نے وضاحت کی کہ کیمرے صرف پروڈکشن لائن پر ٹائلز کی گنتی کے لیے نصب کیے جا رہے ہیں جبکہ پیداوار کے آخری مرحلے پر کیو آر کوڈ پیکجنگ اور مصنوعات کی گنتی کے لیے بھی کیمرے نصب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت ہے کہ چینی سرمایہ کاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی اور سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ پاکستان میں اپنے کاروباری امور بخوبی انجام دے سکیں۔ ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ تمام صنعتیں پالیسی پر عملدرآمد اور ضروری سہولیات کی تنصیب کے لیے آمادہ ہیں۔ہارون اختر خان نے کہا کہ یہ اقدام نہایت اہم اور صنعت کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پیداوار کے آخری مرحلے کے علاوہ کسی بھی مرحلے پر کیمرے نصب نہ کیے جائیں اور خلاف ورزی کی صورت میں حکومت کو رپورٹ کیا جائے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے اور ایک سازگار کاروباری ماحول یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، ایسے اقدامات صنعتی ترقی کے فروغ اور تحفظ کے لیے نہایت سودمند ہیں۔ایف بی آر کے نمائندوں نے چینی صنعتکاروں کو کیمروں کی تنصیب کے حوالے سے مکمل تعاون اور شفافیت کی یقین دہانی کرائی۔








