اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):سائبریڈ کے تعاون سے تیار کردہ جدید ڈیجیٹل معاون پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) نے حال ہی میں اپنے جدید اے آئی چیٹ بوٹ ’’خضر‘‘ کا کامیاب آغاز کیا ہے جو پی ایس ڈبلیو پلیٹ فارم اور ٹریڈ انفارمیشن پورٹل آف پاکستان (ٹی آئی پی پی) میں متعارف کرایا گیا ہے ۔پاکستان سنگل ونڈو کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ چیٹ بوٹ سائبریڈ …
پاکستان سنگل ونڈو نے سائبریڈ کے تعاون سے تیار کردہ جدید اے آئی چیٹ بوٹ ’’خضر‘‘ کا کامیاب آغاز کر دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):سائبریڈ کے تعاون سے تیار کردہ جدید ڈیجیٹل معاون پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) نے حال ہی میں اپنے جدید اے آئی چیٹ بوٹ ’’خضر‘‘ کا کامیاب آغاز کیا ہے جو پی ایس ڈبلیو پلیٹ فارم اور ٹریڈ انفارمیشن پورٹل آف پاکستان (ٹی آئی پی پی) میں متعارف کرایا گیا ہے ۔پاکستان سنگل ونڈو کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ چیٹ بوٹ سائبریڈ پرائیویٹ لمیٹڈ کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے اور تجارتی برادری کے لیے معلومات حاصل کرنے اور پلیٹ فارم استعمال کرنے کے طریقے میں جدت لا رہا ہے۔خضر تاجروں اور سٹیک ہولڈرز کے لیے ہر وقت دستیاب ایک ڈیجیٹل معاون ہے۔ یہ چیٹ بوٹ درآمد، برآمد اور ٹرانزٹ سے متعلق معلومات، قوانین اور دستاویزات کے بارے میں فوری اور درست رہنمائی دیتا ہے جس سے پورا عمل زیادہ آسان اور موثر بن جاتا ہے۔
تاجروں کے لیے ’’خضر‘‘ کا مطلب ہے ایک زیادہ آسان، تیز اور موثر تجارتی نظام۔ اب وہ بغیر انتظار کے اپنی مطلوبہ معلومات حاصل کر سکتے ہیں اور قوانین و ضوابط سے باخبر رہ سکتے ہیں۔ چیف سٹریٹجی اینڈ آپریشنز آفیسر پی ایس ڈبلیو اطہر فہیم نے کہاکہ خضر کی شمولیت سے ہم تجارت کے عمل کو جدید اور تیز تر بنا رہے ہیں۔ یہ اے آئی چیٹ بوٹ تاجروں کو اہم معلومات فوری فراہم کرتا ہے، جس سے کاروباری عمل میں شفافیت، سہولت اور عالمی مسابقت میں بہتری آئے گی۔پاکستان سنگل ونڈو ملکی تجارت کے شعبے میں ڈیجیٹل جدت کی قیادت جاری رکھے ہوئے ہے۔ ’’خضر‘‘ کا کامیاب آغاز پی ایس ڈبلیو کی اس وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت ملک میں تجارتی کارروائیوں کو جدید اور خودکار بنایا جا رہا ہے۔
سائبریڈ پرائیویٹ لمیٹڈ نے ’’خضر‘‘ کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔ سائبریڈ کے چیف انوویشن آفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ خان نے کہا کہ پاکستان سنگل ونڈو جیسے قومی منصوبے میں تعاون کرنا ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ ہمارا مقصد ایسی ٹیکنالوجی تیار کرنا ہے جو معلومات تک رسائی کو آسان بنائے اور پاکستان کے ڈیجیٹل ترقی کے سفر کو آگے بڑھائے۔آئندہ پی ایس ڈبلیو اور سائبریڈ ’’خضر‘‘ میں مزید فیچرز شامل کرنے اور اس کی کارکردگی بہتر بنانے پر کام کریں گے تاکہ یہ صارفین کے لیے زیادہ مددگار اور موثر ثابت ہو۔یہ اقدامات پاکستان کے تجارتی نظام کو مزید ڈیجیٹل، شفاف اور موثر بنانے کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔ ’’خضر‘‘ کا آغاز پاکستان سنگل ونڈو کے اس مشن کا ایک اور سنگ میل ہے جس کا مقصد ملکی اور بین الاقوامی تاجروں کے لیے کاروباری عمل کو آسان، تیز اور موثر بنانا ہے۔








