آئی بی سی سی اور فیڈرل بورڈ کے اشتراک سے امتحانی بورڈز میں ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ پر دو روزہ قومی ورکشاپ کا آغاز

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز (آئی بی سی سی ) اور فیڈرل بورڈ کے اشتراک سے امتحانی بورڈز میں ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ پر دو روزہ قومی ورکشاپ کا آغاز ہوگیا۔وفاقی سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب نے ورکشاپ کا افتتاح کیا جس میں ملک بھر کے امتحانی بورڈز کے چیئرمین شرکت کر رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے …

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز (آئی بی سی سی ) اور فیڈرل بورڈ کے اشتراک سے امتحانی بورڈز میں ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ پر دو روزہ قومی ورکشاپ کا آغاز ہوگیا۔وفاقی سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب نے ورکشاپ کا افتتاح کیا جس میں ملک بھر کے امتحانی بورڈز کے چیئرمین شرکت کر رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے شرکاء اور وفاقی سیکرٹری کا پُرجوش خیرمقدم کیا۔چیئرمین فیڈرل بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک نے امتحانی نظام میں ڈیجیٹل اصلاحات اور ٹیکنالوجی کے انضمام پر تفصیلی جائزہ پیش کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب نے کہا کہ امتحانی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن محض انتظامی اصلاح نہیں بلکہ تعلیم کا قومی تقاضا ہے جو میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وزارتِ تعلیم تمام امتحانی بورڈز کی ڈیجیٹل تبدیلی میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ امتحانی نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی مشترکہ مشن ہے جس سے شفافیت اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

تقریب کے اختتام پر چیئرمین فیڈرل بورڈ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی نے وفاقی سیکرٹری ندیم محبوب کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ ورکشاپ کا سلسلہ کل بھی جاری رہے گا جس میں امتحانی بورڈز کے نمائندگان کی تربیت اور علمی مباحثے ہوں گے۔