وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب سے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے روڈ سیفٹی کی ملاقات

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب سے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے روڈ سیفٹی جین ٹوڈ نے جمعرات کویہاں ملاقات کی۔وہ اسلام آباد میں منعقدہ علاقائی وزرائے ٹرانسپورٹ کانفرنس میں شرکت کے سلسلے میں پاکستان کے دورے پر ہیں۔ ملاقات کے دوران جین ٹوڈ نے وزیرِ خزانہ کو سڑکوں کی حفاظت کے عالمی اور علاقائی پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے اس امر پر …

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب سے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے روڈ سیفٹی جین ٹوڈ نے جمعرات کویہاں ملاقات کی۔وہ اسلام آباد میں منعقدہ علاقائی وزرائے ٹرانسپورٹ کانفرنس میں شرکت کے سلسلے میں پاکستان کے دورے پر ہیں۔ ملاقات کے دوران جین ٹوڈ نے وزیرِ خزانہ کو سڑکوں کی حفاظت کے عالمی اور علاقائی پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ٹریفک حادثات کے انسانی اور معاشی نقصانات نہایت سنگین ہیں جو ہر سال دنیا بھر میں ایک ملین سے زائد انسانی جانیں لے لیتے ہیں اور بالخصوص ترقی پذیر ممالک میں قومی پیداوار کو نمایاں نقصان پہنچارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محفوظ سڑکوں، گاڑیوں اور نقل و حرکت کے نظاموں میں سرمایہ کاری محض ایک عوامی صحت کی ضرورت نہیں بلکہ ایک مضبوط اقتصادی اور ماحولیاتی حکمتِ عملی بھی ہے جو پائیدار ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔ وزیرِ خزانہ نے جین ٹوڈ کی قیادت، وژن اور روڈ سیفٹی کے عالمی ایجنڈے کے فروغ میں کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان روڈ سیفٹی اور موسمیاتی تحفظ کو ایک دوسرے سے جڑے ہوئے قومی ترجیح کے طور پر دیکھتا ہے جو پائیدار ترقی اور مضبوط انفراسٹرکچر کے وسیع تر پالیسی فریم ورک کا حصہ ہیں۔ وزیرِ خزانہ نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے ، ٹرانسپورٹ کے حفاظتی معیار کو بہترکرنے اور ایسی منصوبہ جاتی و پالیسی اقدامات کی حمایت جاری رکھے گی

جو انسانی جانوں کے تحفظ، سماجی و مالیاتی اخراجات میں کمی اور طویل المدتی استحکام کو یقینی بنائیں۔ فریقین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ وہ محفوظ، پائیدار اور شمولیتی نقل و حرکت کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مسلسل رابطے اور باہمی تعاون کو فروغ دیتے رہیں گے۔