گڈز ڈیکلریشن جمع ہونے کے بعد طورخم سمیت متعدد کسٹمز سٹیشنز پر 363 درآمدی گاڑیوں کی کلیئر نس

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے کہاہے کہ طورخم، غلام خان، خرلاچی اور انگور اڈہ کے کسٹمز سٹیشنز پر 363 درآمدی گاڑیوں کے گڈز ڈیکلریشن جمع ہونے کے بعد انہیں کلیئر کر دیا گیا ہے۔جمعرات کوایف بی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افغانستان کی جانب سے بلااشتعال جارحیت کی وجہ سے طورخم، غلام خان، خرلاچی اور انگور اڈہ کے کسٹمز بارڈر سٹیشنز …

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے کہاہے کہ طورخم، غلام خان، خرلاچی اور انگور اڈہ کے کسٹمز سٹیشنز پر 363 درآمدی گاڑیوں کے گڈز ڈیکلریشن جمع ہونے کے بعد انہیں کلیئر کر دیا گیا ہے۔جمعرات کوایف بی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افغانستان کی جانب سے بلااشتعال جارحیت کی وجہ سے طورخم، غلام خان، خرلاچی اور انگور اڈہ کے کسٹمز بارڈر سٹیشنز پر درآمدات و برآمدات کی کسٹمز کلیئرنس 12 اکتوبر 2025 سے معطل ہے۔ جارحیت کی وجہ سے ان سٹیشنز پر تعینات کسٹمز انسپکٹرز اور عملے کی سکیورٹی کو خطرات لاحق ہو گئے تھے۔ سکیورٹی خدشات کے باعث زیادہ تر عملہ عارضی طور پر ہیڈکوارٹر میں رپورٹ کر چکا ہے تاہم ہر بارڈر سٹیشن پر چند انسپکٹرز اور سپاہی اب بھی موجود ہیں تاکہ حالات معمول پر آتے ہی اور سرحدیں تجارت کے لئے کھلتے ہی کسٹمز کلیئرنس کا عمل دوبارہ شروع کیا جا سکے۔

اسی دوران شمالی ریجن کے کلکٹوریٹس نے ان درآمدی کھیپوں کو کلیئر کر دیا ہے جو سرحد بند ہونے سے پہلے ان سٹیشنز پر پہنچ چکی تھیں تاکہ تجارت میں سہولت فراہم کی جا سکے اور ضروری اشیائے صرف کی قلت سے بچا جا سکے۔ شمالی ریجن آف اپریزمنٹ کے دائرہ اختیار میں آنے والے طورخم، غلام خان، خرلاچی اور انگور اڈہ کے کسٹمز سٹیشنز پر 363 درآمدی گاڑیوں کے گڈز ڈیکلریشن جمع ہونے کے بعد انہیں کلیئر کر دیا گیا ہے۔ شمالی ریجن میں سب سے زیادہ کارگو ہینڈل کرنے والے طورخم بارڈر سٹیشن پر اس وقت تقریباً 255 برآمدی گاڑیاں اور 24 درآمدی گاڑیاں ٹرمینل پر کھڑی ہیں جبکہ مزید 200 گاڑیاں جمرود-لنڈی کوتل روڈ پر پھنسی ہوئی ہیں۔ چمن بارڈر کسٹمز اسٹیشن پر بھی 15 اکتوبر 2025 سے کسٹمز کلیئرنس معطل ہے اور آج کی تاریخ تک 5 درآمدی اور 25 برآمدی گاڑیوں کی کلیئرنس زیر التواء ہے۔

متعلقہ درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان گڈز ڈیکلریشن جمع کرانے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔درآمد و برآمدی گاڑیوں کے علاوہ ٹرانزٹ ٹریڈ کارگو لے کر جانے والی تقریباً 500 گاڑیاں بھی طورخم اور چمن پر سرحد عبور کرنے کی منتظر ہیں ۔