اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم کے سائنسی و تکنیکی تعاون کی کمیٹی کامسٹیک کی میزبانی میں غزہ و فلسطین کی معروف جامعات کے وائس چانسلرز اور تعلیمی رہنماؤں کا پاکستان میں دورہ مکمل ہوگیا، یہ اعلیٰ سطحی وفد 16 تا 23 اکتوبر پاکستان کے تاریخی دورے پر رہا۔ وفد میں میں یونیورسٹی آف فلسطین، الاقصیٰ یونیورسٹی، اسلامی یونیورسٹی آف غزہ، الازہر یونیورسٹی، اسراء یونیورسٹی اور غزہ …
کامسٹیک کی خصوصی دعوت پر غزہ و فلسطین کی جامعات کے وائس چانسلرز کا پاکستان کا تاریخی دورہ مکمل

مزید خبریں
اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم کے سائنسی و تکنیکی تعاون کی کمیٹی کامسٹیک کی میزبانی میں غزہ و فلسطین کی معروف جامعات کے وائس چانسلرز اور تعلیمی رہنماؤں کا پاکستان میں دورہ مکمل ہوگیا، یہ اعلیٰ سطحی وفد 16 تا 23 اکتوبر پاکستان کے تاریخی دورے پر رہا۔
وفد میں میں یونیورسٹی آف فلسطین، الاقصیٰ یونیورسٹی، اسلامی یونیورسٹی آف غزہ، الازہر یونیورسٹی، اسراء یونیورسٹی اور غزہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرز اور اعلی حکام شامل تھے۔اس دورہ کے دوران وفد نے “فلسطین۔پاکستان وائس چانسلرز فورم” میں شرکت کی اور کامسٹیک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت ( ایم او یو ) پر دستخط کیے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی تعلیمی اور سائنسی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
غزہ کے تعلیمی رہنماؤں نے اسلام آباد، ٹیکسلا، فیصل آباد اور لاہور میں موجود کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسی لینس کے رکن اداروں اور معروف پاکستانی جامعات کا بھی دورہ کیا۔
ان ملاقاتوں میں غزہ کے اعلیٰ تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بحالی و تنظیمِ نو کے لیے تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت ہوئی۔
پاکستانی جامعات اور کامسٹیک قیادت نے اہلِ غزہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان تعلیمی وظائف، فیلوشپس، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، ماہرین کی فراہمی، ڈیجیٹل وسائل تک رسائی اور آن لائن تعلیم کے ذریعے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا تاکہ غزہ کے تعلیمی و تحقیقی ادارے ازسرِ نو مستحکم ہو سکیں۔
فلسطینی وفد نے پاکستان کی جانب سے ملنے والی محبت، فقید المثال استقبال، میزبانی اور بھائی چارے کے پیغام پر پر دلی مسرت کا اظہار کیا اور اس دورے کو “انتہائی مفید، نتیجہ خیز اور حوصلہ افزا” قرار دیا۔ یہ تاریخی دورہ پاکستان اور فلسطین کے درمیان علمی و تحقیقی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ہے جو کامسٹیک سیکرٹریٹ کی قیادت میں جاری رہے گا۔








