پولیو کا خاتمہ صرف مہم نہیں قومی ذمہ داری ہے،بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ صرف مہم نہیں بلکہ ایک قومی ذمہ داری ہے، تمام پاکستانی پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہو جائیں۔جمعہ کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انسداد پولیو کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان شہید محترمہ بینظیر …

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ صرف مہم نہیں بلکہ ایک قومی ذمہ داری ہے، تمام پاکستانی پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہو جائیں۔جمعہ کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انسداد پولیو کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا،شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے تحت ملک میں پہلی بار انسدادِ پولیو کی جامع مہم کا آغاز کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کی صحت اور بہبود کو اولین ترجیح دیتی رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ کی فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز خصوصا خواتین ویکسینیٹرز کو سلام پیش کرتا ہوں،ہیلتھ ورکرز مشکلات کے باوجود ہمت اور جذبے کے ساتھ گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر بچے کے صحت مند زندگی کے حق کو یقینی بنانا ہمارا اخلاقی اور سماجی فریضہ ہے، تمام پاکستانی پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ آئیے مل کر ایک ایسا مستقبل تعمیر کریں جہاں کوئی بچہ پولیو کا شکار نہ ہو، ایک ایسا پاکستان جو مضبوط، صحت مند اور امید سے روشن ہو۔