اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):مسیحی برادری نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 میں اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستوں کو شامل کرنے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہاہے کہ انتخابات انصاف، مساوات اور عوامی شمولیت کے حقیقی اصولوں پر مبنی ہوں تاکہ ملک کی مذہبی و سماجی اقلیتیں بھی مؤثر طور پر اپنی آواز بلند کر سکیں۔ آرچ بشپ اسلام آباد / راولپنڈی ڈاکٹر جوزف ارشد نے اپنے بیان میں …
مسیحی برادری کا پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 میں اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستیں شامل کرنے کا خیر مقدم

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):مسیحی برادری نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 میں اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستوں کو شامل کرنے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہاہے کہ انتخابات انصاف، مساوات اور عوامی شمولیت کے حقیقی اصولوں پر مبنی ہوں تاکہ ملک کی مذہبی و سماجی اقلیتیں بھی مؤثر طور پر اپنی آواز بلند کر سکیں۔
آرچ بشپ اسلام آباد / راولپنڈی ڈاکٹر جوزف ارشد نے اپنے بیان میں کہا کہ بلدیاتی نظام جمہوریت کا وہ بنیادی درجہ ہے جہاں عوام براہِ راست اپنی برادریوں کی ترقی، خدمت اور بہتری میں کردار ادا کرتے ہیں،اگر جمہوریت کو حقیقی معنوں میں مؤثر بنانا ہے تو ہر طبقے کو خصوصاً اقلیتوں کو یہ حق حاصل ہونا چاہیے کہ وہ اپنے نمائندے اپنے ووٹ کے ذریعے خود منتخب کریں۔
آرچ بشپ نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 میں اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستوں کے شامل کیے جانے کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ ان نشستوں پر نمائندوں کا انتخاب بالواسطہ طریقے کی بجائے براہِ راست عوامی ووٹ کے ذریعے کیاجائے ۔انہوں نے کہا کہ حقیقی نمائندگی وہاں ممکن ہے جہاں عوام کی آواز کو سنا جائے۔ ہماری اقلیتی برادریوں مسیحی، ہندو، سکھ اور دیگر کو یہ وقار حاصل ہونا چاہیے کہ وہ اپنے کونسلرز کو آزادانہ اور منصفانہ ووٹ کے ذریعے خود منتخب کریں جیسا کہ پاکستان کے ہر شہری کا حق ہے۔
آرچ بشپ جوزف ارشد نے سیاسی قائدین، قانون سازوں اور الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے آئین کی روح کے مطابق مساوات، مذہبی آزادی اور تمام شہریوں کی عوامی زندگی میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مسیحی برادری اور تمام اقلیتی شہریوں کو ترغیب دی کہ وہ شہری تعلیم، ووٹر رجسٹریشن اور پرامن و مثبت جمہوری عمل میں فعال کردار ادا کریں۔
آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے دُعا کی کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات ملک میں جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کریں، ہم آہنگی اور یکجہتی کو فروغ دیں اور انصاف و مساوات کی نئی امید کو ہر گاؤں، قصبے اور شہر میں جگائیں۔








