راولپنڈی۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا، 27 اکتوبر 1947 کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب بھارتی افواج نے سری نگر پر قبضہ کر کے بین الاقوامی قوانین اور کشمیری عوام کی خواہشات کی صریح خلاف ورزی کی۔ یوم سیاہ کشمیر کے …
پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا، بیرسٹر دانیال چوہدری

مزید خبریں
راولپنڈی۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا، 27 اکتوبر 1947 کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب بھارتی افواج نے سری نگر پر قبضہ کر کے بین الاقوامی قوانین اور کشمیری عوام کی خواہشات کی صریح خلاف ورزی کی۔
یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ 78 برس سے بھارتی ظلم و جبر کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں لیکن ان کی جدوجہد آزادی آج بھی پوری قوت سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر جواب دہ ٹھہرانا چاہیے اور کشمیری عوام کو ان کے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں تسلیم شدہ حق خودارادیت دلوانے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کا انحصار مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل پر ہے، پاکستان عالمی سطح پر کشمیریوں کی آواز بلند کرتا رہے گا اور 24 کروڑ پاکستانی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ ہر سال 27 اکتوبر دنیا بھر میں مقیم کشمیری یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں کیونکہ اسی دن 1947 میں بھارتی افواج نے ریاست جموں و کشمیر پر قبضہ کر کے اس کی آزادی اور خودمختاری کو پامال کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک مسلسل المیہ ہے جو آج بھی برصغیر کے سیاسی افق پر ایک ادھورا وعدہ بن کر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد بھارت نے اپنی جارحانہ پالیسیوں میں مزید شدت پیدا کی، جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، فوجی محاصرہ نافذ کیا اور ایسے ظالمانہ قوانین لاگو کیے
جنہوں نے کشمیری عوام کو بنیادی انسانی آزادیوں سے محروم کر دیا۔ وادی میں آج بھی نقل و حرکت، ابلاغ اور اجتماع پر پابندیاں عائد ہیں جبکہ ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور حراستی تشدد جیسے واقعات معمول بن چکے ہیں۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ بھارت منظم انداز میں کشمیریوں کو ان کی ہی سرزمین پر اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے مظالم کو روکنے اور کشمیری عوام کو انصاف دلانے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔ پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی بہادر جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہے جو اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیر کے مقدمے کو اجاگر کرتا رہے گا تاکہ برصغیر میں پائیدار امن کے خواب کو حقیقت بنایا جا سکے۔








