وزیراعظم شہباز شریف کی وژنری قیادت میں پاکستان نے تعلیم، تکنیکی تربیت اور انسانی وسائل کی ترقی کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں، قیصر احمد شیخ

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی وژنری قیادت میں پاکستان نے تعلیم، تکنیکی تربیت اور انسانی وسائل کی ترقی کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں۔ بدھ کو نسٹ اسلام آباد میں چائنہ میڈیا گروپ اور چین کے سفارتخانہ کے اشتراک سے منعقدہ خصوصی پریمیئر ایونٹ “باہر کھڑکی پر نیلا سیارہ” میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت …

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی وژنری قیادت میں پاکستان نے تعلیم، تکنیکی تربیت اور انسانی وسائل کی ترقی کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں۔ بدھ کو نسٹ اسلام آباد میں چائنہ میڈیا گروپ اور چین کے سفارتخانہ کے اشتراک سے منعقدہ خصوصی پریمیئر ایونٹ “باہر کھڑکی پر نیلا سیارہ” میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں خلا ء سے ریکارڈ کی گئی دنیا کی پہلی 8K فلم شینزو-13 مشن کی نمائش کی گئی جو چین کی سائنسی ترقی اور خلائی تحقیق کا ایک اہم سنگ میل ہے۔

وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ گزشتہ 32 سال سے سیاست میں ہیں اور اس عرصے میں چین نے غربت پر قابو پانے اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں جو شاندار کامیابیاں حاصل کیں، پاکستان ان سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی وژنری قیادت میں پاکستان نے تعلیم، تکنیکی تربیت اور انسانی وسائل کی ترقی کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں جن کا مقصد ملکی معاشی استحکام اور ترقی کی بنیاد کو مزید مضبوط کرنا ہے۔قیصر احمد شیخ نے چینی میڈیا گروپ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ دونوں ممالک کے مابین ثقافتی اور تکنیکی تعاون کو مزید فروغ دینے میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور سرمایہ کاری کے ذریعے معاشی استحکام کو یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ، پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے، ہائی ٹیک سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھانے اور پاک چین اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے نسٹ کے طلبہ اور محققین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے مستقبل کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور سائنسی میدان میں ملک کا نام بلند کریں گے۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ نبھایا ہے اور یہ تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ہو کر ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھولے گا۔