سندھ یوتھ اپرچونٹی فیسٹیول 17، 18 اور 19 ستمبر کو لاڑکانہ میں منعقد ہو گا

سندھ کے نوجوانوں کو کھیلوں، تعلیم، مہارتوں، روزگار اور نئے مواقع سے منسلک کرنے کے لیے سندھ یوتھ اپرچونٹی فیسٹیول 17، 18 اور 19 ستمبر 2026ء کو لاڑکانہ میں منعقد کیا جائے گا

لاڑکانہ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):سندھ کے نوجوانوں کو کھیلوں، تعلیم، مہارتوں، روزگار اور نئے مواقع سے منسلک کرنے کے لیے سندھ یوتھ اپرچونٹی فیسٹیول 17، 18 اور 19 ستمبر 2026ء کو لاڑکانہ میں منعقد کیا جائے گا۔ یہ پروگرام سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈپارٹمنٹ حکومتِ سندھ کے تعاون سے پریمورا ایونٹس اینڈ پروڈکشن کی جانب سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔فیسٹیول کے سلسلے میں یوتھ کرکٹ ٹورنامنٹ 17 اور 18 ستمبر کو صبح 10 بجے سے میونسپل سٹیڈیم لاڑکانہ میں منعقد ہوگا جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 19 ستمبر کو سہ پہر 3 بجے کھیلا جائے گا۔اس کے علاوہ سندھ یوتھ اپرچونٹی فیسٹیول 19 ستمبر 2026ء کو شام 5 بجے سے سر شاہنواز بھٹو میموریل لائبریری لاڑکانہ میں منعقد ہوگا۔

فیسٹیول کے دوران نوجوانوں کو کیریئر، اسکالرشپس، مہارتوں اور جدت (Innovation) سمیت مختلف شعبوں میں دستیاب مواقع کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے گی۔سندھ کے صوبائی وزیر برائے سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز محمد بخش خان مہر اور سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز منور علی مہیسر کی نگرانی اور تعاون سے منعقد ہونے والے اس فیسٹیول کا مقصد سندھ کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے، اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور مستقبل کے لیے بہتر مواقع حاصل کرنے کی ترغیب دینا ہے۔فیسٹیول کا پیغام ہے ”نوجوانوں کو بااختیار بنانا، مستقبل کو بلند کرنا“ جبکہ اس اہم سرگرمی کے ذریعے کھیلوں، مہارتوں، مواقع اور مضبوط سندھ کے لیے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے۔