اسلام آباد کے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سید علی ناصر رضوی

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):آئی جی اسلام آبا د سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے حفاظتی اقدامات مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے ،جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہر کی نگرانی بہتر بنانے سمیت سیف سٹی منصوبے کی فعالیت، ٹیکنالوجی کے موثر استعمال، امن و امان برقرار رکھنے اور پولیس فورس کی استعداد کار بڑھانے کےلئے جامع حکمت عملیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا …

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):آئی جی اسلام آبا د سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے حفاظتی اقدامات مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے ،جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہر کی نگرانی بہتر بنانے سمیت سیف سٹی منصوبے کی فعالیت، ٹیکنالوجی کے موثر استعمال، امن و امان برقرار رکھنے اور پولیس فورس کی استعداد کار بڑھانے کےلئے جامع حکمت عملیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

پولیس ترجمان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز/ ڈی جی سیف سٹی محمد ہارون جوئیہ، ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق اور ڈی آئی جی سکیورٹی/ لاءاینڈ آرڈر محمد عتیق طاہر شریک ہوئے۔ اجلا س میں وفاقی دارالحکومت کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور شہریوں کے تحفظ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ سیف سٹی منصوبے کی فعالیت، ٹیکنالوجی کے موثر استعمال، جدید نگرانی کے نظام، امن و امان برقرار رکھنے کے اقدامات اور پولیس فورس کی استعداد کار بڑھانے کے لئے جامع حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اس موقع پر ہائی پروفائل مقامات، تنصیبات اور وی وی آئی پیز کی سکیورٹی کا بھی خصوصی جائزہ بھی لیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے سینئر پولیس افسران کو واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جدید ٹیکنالوجی کے بہترین استعمال اور اداروں کے باہمی رابطے کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کی جائے گی۔

انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے انٹیلی جنس شیئرنگ اور دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے کو ناگزیر قرار دیا۔انہوں نے مزیدکہا کہ سکیورٹی انتظامات میں کسی بھی سطح پر غفلت ناقابل برداشت ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے اے آئی جی لاجسٹکس عبد الحق عمرانی کے ساتھ بھی میٹنگ کی۔

انہوں نے پولیس فورس کی فلاح و بہبود، وسائل کا موثر استعمال، رہائشی اور انتظامی سہولیات میں بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیس افسران و جوانوں کی بہبود اور انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، ایک مضبوط اور مطمئن فورس ہی شہریوں کی بہترین خدمت کر سکتی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے اسے ایک مثالی فورس بنایا جائے گا۔