اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):چیف آف دی نیول سٹاف آل پاکستان سکوائش چیمپئن شپ 2025 میں ناصر اقبال نے مینز اور ماہ نور علی نے ویمنز سنگلز ٹائٹلز اپنے نام کر لئے۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان سکوائش کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ چیمپئن شپ کے مینز سنگلز …
چیف آف نیول سٹاف آل پاکستان سکوائش چیمپئن شپ،ناصر اقبال نے مینز اور ماہ نور علی نے ویمنز سنگلز ٹائٹلز اپنے نام کر لئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):چیف آف دی نیول سٹاف آل پاکستان سکوائش چیمپئن شپ 2025 میں ناصر اقبال نے مینز اور ماہ نور علی نے ویمنز سنگلز ٹائٹلز اپنے نام کر لئے۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان سکوائش کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

چیمپئن شپ کے مینز سنگلز فائنل میں واپڈا کے ناصر اقبال اور سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے طیب اسلم کے درمیان مقابلہ ہواجبکہ خواتین کے فائنل میں پشاور کی ماہ نور علی اور سحرش علی آمنے سامنے تھیں۔سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد واپڈا کے ناصر اقبال اور پشاور کی ماہ نور علی نے اپنی اپنی کیٹیگری کے ٹائٹل اپنے نام کئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کھیلوں خصوصاً سکوائش کی ترقی اور فروغ کیلئے پرعزم ہے ،یہ کھیل ماضی میں پاکستان کے لیے بے مثال اعزازات کا باعث بنا۔

انہوں نے تمام کھلاڑیوں کے جذبے، محنت اور عزم کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نیوی قومی اور بین الاقوامی سکوائش چیمپئن شپس کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ ملکی ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور نئی نسل کو کھیل کی جانب راغب کرنے کا موقع ملے۔بعد ازاں ایڈمرل نوید اشرف نے فاتح کھلاڑیوں کو انعامات دیئے اور شاندار کارکردگی پر انہیں مبارکباد دی۔تقریب میں سول و عسکری شخصیات، سپانسرز، قومی کھیلوں کی نامور شخصیات، سینئر سکوائش کھلاڑیوں اور سپورٹس کمیونٹی کے اراکین نے شرکت کی۔








