پنجاب کے بیشتر دریاوں میں پانی کا بہاو معمول کے مطابق ہے،ترجمان پی ڈی ایم اے

پنجاب کے بیشتر دریاوں میں پانی کا بہاو معمول کے مطابق ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب ،جہلم ،راوی اور ستلج میں پانی کا بہاو نارمل سطح پر ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں پانی کا بہا ونارمل ہے۔

لاہور۔5اگست (اے پی پی):پنجاب کے بیشتر دریاوں میں پانی کا بہاو معمول کے مطابق ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب ،جہلم ،راوی اور ستلج میں پانی کا بہاو نارمل سطح پر ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں پانی کا بہا ونارمل ہے۔ دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،کالا باغ میں 3 لاکھ 40 ہزار اور چشمہ میں پانی کا بہاو 2 لاکھ 90 ہزار کیوسک ہے۔نالہ ڈیک میں کنگرا، نارووال نالہ بسنتر، اور بئین شکر گڑھ میں نچلے درجے کا سیلاب ہے، ڈیک میں کنگرا میں پانی کا بہاو 13000 کیوسک ہے ڈی جی۔

پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے جبکہ بالائی کیچمنٹس میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاں اور ان سے ملحقہ نالوں کے بہا میں اضافے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، اسی طرح مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریاوں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں ۔فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام تر بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔دریاوں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں۔ بچوں کا خاص خیال رکھیں ،انہیں دریاوں ندی نالوں میں ہرگز نہ نہانے دیں۔