خیبر پختونخوا پولیس نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔اے آئی جی آپریشنز خیبر پختونخوا کی جانب سے صوبے کے تمام پولیس یونٹس
خیبر پختونخوا پولیس کے متعلقہ افسران کو ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت

مزید خبریں
پشاور۔ 05 اگست (اے پی پی):خیبر پختونخوا پولیس نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔اے آئی جی آپریشنز خیبر پختونخوا کی جانب سے صوبے کے تمام پولیس یونٹس، ریجنل پولیس افسران اور ضلعی پولیس افسران کو سکیورٹی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔جاری مراسلے میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے حالیہ دہشت گردی واقعات کے پیش نظر تمام متعلقہ افسران کو ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔مراسلے کے مطابق سپیشل برانچ خیبر پختونخوا کی رپورٹ کی روشنی میں پولیس فورس کے لیے سکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ تمام اضلاع کے سربراہان کو کہا گیا ہے کہ وہ سکیورٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیں اور اہلکاروں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں۔
نوٹیفکیشن میں پشاور سمیت صوبے بھر میں پولیس تنصیبات، اہلکاروں کی نقل و حرکت اور دیگر حساس مقامات پر خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اے آئی جی آپریشنز خیبر پختونخوا نے تمام متعلقہ افسران کو مراسلے پر عمل درآمد یقینی بنانے اور اس حوالے سے رپورٹ 6 اگست 2026 تک آپریشنز برانچ کو جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔مراسلہ خیبر پختونخوا کے تمام ہیڈز آف یونٹس، کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور، تمام ریجنل پولیس افسران، ایس ایس پی آپریشنز پشاور اور تمام ضلعی پولیس افسران کو ارسال کیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق حالیہ خطرات کے پیش نظر فورس کو مزید محتاط رہنے، سکیورٹی پروٹوکول پر سختی سے عمل کرنے اور حفاظتی اقدامات بڑھانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔








