وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں انتہائی تشویشناک ہیں اور کشمیری عوام کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں، کشمیر کا ہر دکھ پاکستان کا دکھ ہے اور پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
کشمیر کا ہر دکھ پاکستان کا دکھ ،پوری قوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے، مصطفیٰ کمال
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں انتہائی تشویشناک ہیں اور کشمیری عوام کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں، کشمیر کا ہر دکھ پاکستان کا دکھ ہے اور پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے یکطرفہ اقدامات کے ذریعے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی جس کے باعث مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو ختم کیا گیا۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ 5 اگست کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کشمیر کا ہر دکھ پاکستان کا دکھ ہے اور پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کا پابند بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔وفاقی وزیر صحت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل تک اپنی جدوجہد اور حمایت برقرار رکھے گا۔









