یومِ استحصالِ کشمیر، موٹروے پولیس کا کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی، ملک بھر میں واکس، ریلیوں اور خصوصی تقریبات کا انعقاد
یومِ استحصالِ کشمیر، موٹروے پولیس کا کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی، ملک بھر میں واکس، ریلیوں اور خصوصی تقریبات کا انعقاد
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے زیرِ اہتمام یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار اور ملک بھر میں خصوصی تقریبات، واکس اور دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے ریڈیو پاکستان سے ڈی چوک اسلام آباد تک نکالی گئی مرکزی ریلی میں بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر افسران نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم اور غیور عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ کشمیریوں سے یکجہتی اور یومِ استحصال کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ملک بھر کے تمام موٹرویز اور نیشنل ہائی ویز کے ٹول پلازوں پر خصوصی بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جبکہ موٹروے پولیس کے ایف ایم 91.3 ریڈیو نیٹ ورک سے دن بھر خصوصی پروگرامز نشر کیے گئے جن میں کشمیری عوام کی لازوال جدوجہدِ آزادی کو نذرانۂ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریبات کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیابی اور کشمیری عوام کی آزادی و استقامت کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔









