اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ نے پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن سے وابستہ متعدد کھلاڑیوں اور عہدیداروں پر ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی اور انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کی جانب سے آپریشن جیسمن کے تحت ثابت شدہ ڈوپنگ خلاف ورزیوں کے بعد پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ پابندی کا شکار ہونے والوں میں شرجیل بٹ، عبد الرحمن، غلام مصطفیٰ، فرحان مجید، حافظ عمران بٹ (سابق صدر پی ڈبلیو ایف)، عرفان بٹ …
پاکستان سپورٹس بورڈ نے ویٹ لفٹنگ کے متعدد کھلاڑیوں اور عہدیداروں پر پابندی عائد کر دی
اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ نے پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن سے وابستہ متعدد کھلاڑیوں اور عہدیداروں پر ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی اور انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کی جانب سے آپریشن جیسمن کے تحت ثابت شدہ ڈوپنگ خلاف ورزیوں کے بعد پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ پابندی کا شکار ہونے والوں میں شرجیل بٹ، عبد الرحمن، غلام مصطفیٰ، فرحان مجید، حافظ عمران بٹ (سابق صدر پی ڈبلیو ایف)، عرفان بٹ (کوچ) اور وقاص اکبر (کوچ) شامل ہیں۔ پی ایس بی کے مطابق کھلاڑیوں اور کوچز پر ان کی بین الاقوامی پابندیوں کی مکمل مدت کے لیے مقابلوں میں حصہ لینے پر پابندی برقرار رہے گی، جبکہ متعلقہ عہدیداروں کو فوری طور پر چار سال کے لیے تمام کھیلوں سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ 2021ء میں شروع ہونے والے ایک سلسلہ وار عمل کے بعد سامنے آیا جب بعض کھلاڑی ٹیسٹنگ سے گریزاں رہے اور بعد ازاں ان کے نمونوں میں ممنوعہ مادوں کی موجودگی ثابت ہوئی۔ ان خلاف ورزیوں کی توثیق کورٹ آف آربیٹریشن فار اسپورٹ اینٹی ڈوپنگ ڈویژن (CAS ADD) نے 2025ء کے اوائل میں کر دی تھی۔پی ایس بی کے اعلامیے کے مطابق تمام پابندی یافتہ افراد کسی بھی کھیلوں کی سرگرمی میں شرکت، کسی عہدے کے حصول یا پی ایس بی کی سہولیات و مراعات سے استفادہ کرنے کے اہل نہیں ہوں گے جب تک کہ ان کی نااہلی کی مدت مکمل نہیں ہو جاتی۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان، بطور دستخط کنندہ ملک بین الاقوامی انسدادِ ڈوپنگ کنونشن کے، صاف ستھری اور دیانتدارانہ کھیلوں کے فروغ اور ڈوپنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے کاربند رہے گا۔ اس فیصلے کی نقول آئی او سی، او سی اے، آئی ڈبلیو ایف، اے ڈبلیو ایف، واڈا، آئی ٹی اے، سی اے ایس، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور دیگر قومی و بین الاقوامی اداروں کو ارسال کر دی گئی ہیں۔









