جموں کے شہداء کی عظیم قربانیاں اس امر کی گواہی دیتی ہیں کہ ظلم و جبر کے ذریعے کسی قوم کی آواز دبائی نہیں جا سکتی، سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ جموں کے شہداء کی عظیم قربانیاں اس امر کی گواہی دیتی ہیں کہ ظلم و جبر کے ذریعے کسی قوم کی آواز دبائی نہیں جا سکتی، ڈوگرہ مہاراجہ کی افواج اور انتہاپسند عناصر کے ہاتھوں دو لاکھ سے زائد کشمیری مسلمانوں کا قتلِ عام اور لاکھوں کی ہجرت برصغیر کی تاریخ کا ایک اندوہناک باب ہے …

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ جموں کے شہداء کی عظیم قربانیاں اس امر کی گواہی دیتی ہیں کہ ظلم و جبر کے ذریعے کسی قوم کی آواز دبائی نہیں جا سکتی، ڈوگرہ مہاراجہ کی افواج اور انتہاپسند عناصر کے ہاتھوں دو لاکھ سے زائد کشمیری مسلمانوں کا قتلِ عام اور لاکھوں کی ہجرت برصغیر کی تاریخ کا ایک اندوہناک باب ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ جمعرات کو یومِ شہدائے جموں کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی منصفانہ اور جائز جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 6 نومبر 1947ء کا المناک واقعہ تاریخ کے ان سیاہ ترین ابواب میں سے ایک ہے جب ہزاروں کشمیری مسلمان اپنی آزادی اور شناخت کی قیمت خون سے ادا کرنے پر مجبور ہوئے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ جموں کا قتلِ عام نہ صرف مذہبی منافرت اور نسلی امتیاز کی بھیانک مثال ہے بلکہ یہ بین الاقوامی ضمیر کے لیے ایک کھلا چیلنج بھی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ 1947ء کے جموں سانحے کو نسل کشی کے طور پر تسلیم کریں اور بھارت کو اس کے غیر قانونی اقدامات اور کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی پامالی پر جوابدہ ٹھہرائیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں آبادیاتی ساخت تبدیل کرنے کی کوششیں، آرٹیکل 370 اور 35-A کی منسوخی اور کشمیریوں کی زمینوں پر غیر مقامیوں کو بسانا، بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ سپیکر نے کہا کہ بھارت کا غیر قانونی قبضہ اور ریاستی جبر، کشمیریوں کے عزم و استقلال کو متزلزل نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پارلیمنٹِ، حکومت اور عوام کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کے ساتھ اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کے عزم کو دہراتی ہے۔ پاکستان ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ہر عالمی فورم پر ان کی آواز بلند کرتا رہے گا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ شہدائے جموں کی قربانیاں اس امر کی یاد دہانی ہیں کہ آزادی کی راہ میں دی گئی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، جموں و کشمیر کے عوام کی جرات، قربانی اور استقامت دنیا کے ہر ذی شعور انسان کے لیے مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا وہ بنیادی حق، حقِ خود ارادیت دلانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے جو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انہیں حاصل ہے۔ سپیکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے عوام اور پارلیمنٹ ہمیشہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

مزید خبریں