وفاقی وزیر حنیف عباسی نے راولپنڈی سیف اینڈ سمارٹ ریلوے اسٹیشن منصوبے کا افتتاح کیا

راولپنڈی۔6نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ریلوے کو جدید، محفوظ اور مسافر دوست بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، جلد پاکستان کے تمام بڑے ریلوے اسٹیشنز جدید سہولیات سے آراستہ ہوں گے۔ وہ جمعرات کو راولپنڈی میں ”سیف اینڈ اسمارٹ ریلوے اسٹیشن“ منصوبے کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔وزیرِ ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی اور …

راولپنڈی۔6نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ریلوے کو جدید، محفوظ اور مسافر دوست بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، جلد پاکستان کے تمام بڑے ریلوے اسٹیشنز جدید سہولیات سے آراستہ ہوں گے۔ وہ جمعرات کو راولپنڈی میں ”سیف اینڈ اسمارٹ ریلوے اسٹیشن“ منصوبے کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔وزیرِ ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی اور وژن کے تحت ریلوے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔

ایف-بلو واو کے تعاون سے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر نصب جدید’’سیف اینڈ اسمارٹ اسٹیشن سسٹم‘‘ میں 143 کیمروں پر مشتمل فول پروف نگرانی کا نظام فعال کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے اسٹیشن، ریزرویشن آفس اور اطراف کے علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ ممکن ہو گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی ملک کا پہلا ریلوے اسٹیشن ہے جسے جدید حفاظتی مانیٹرنگ سسٹم سے آراستہ کیا گیا ہے۔

اس نظام سے نہ صرف سکیورٹی میں بہتری آئے گی بلکہ عملے کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی بھی ممکن ہو سکے گی۔محمد حنیف عباسی نے نئے سی آئی پی لاؤنج اور ویٹنگ ایریا کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے ریلوے سٹیشنز پر جدید لاؤنجز کی تعمیر جاری ہے جہاں مسافروں کو پُرسکون اور آرام دہ ماحول فراہم کیا جائے گا۔

لاؤنجز میں چائے اور ریفریشمنٹ، خواتین اور فیملیز کے لیے علیحدہ ویٹنگ ایریاز، مفت وائی فائی اور اے ٹی ایم مشینز کی سہولت دستیاب ہوگی۔وزیرِ ریلوے نے کہا کہ پرانی بوگیوں کی ریکس کو ریفربشڈ ماڈلز سے تبدیل کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ لاہور تا راولپنڈی چلنے والی تین ریل کاروں کی ریکس تبدیل کی جا چکی ہیں جبکہ چوتھی 15 نومبر کو تبدیل کی جائے گی۔

ریل کارز میں مسافروں کو لازمی سنیکس کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے تاکہ سفر کو مزید آرام دہ بنایا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد ریلوے اسٹیشن کی جدید تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ جلد کراچی کینٹ سٹیشن کا بھی افتتاح کیا جائے گا، جہاں لاہور سے بھی زیادہ جدید سی آئی پی لاؤنج اور ویٹنگ ایریاز تیار کیے گئے ہیں۔

محمد حنیف عباسی نے مزید کہا کہ آر ڈی ایم سی کے اشتراک سے 884 کلومیٹر طویل روہڑی۔نوکُندی ٹریک اپ گریڈ کیا جائے گا، جس کے تحت 400 کلومیٹر نیا ٹریک بچھایا جائے گا۔ یہ منصوبہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ملک میں جدید سفری سہولیات کے فروغ کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے تیزی سے جدیدیت کی سمت گامزن ہے، ہم مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ریلوے کی ترقی کا یہ سفر اب رکے گا نہیں، جاری رہےگا۔

مزید خبریں