بلوچستان میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کررہے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان کا تقریب سے خطاب

کوئٹہ۔ 06 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کررہے ہیں ،14ہزار سے زائد اساتذہ کی تعیناتی کے بعد 3ہزارسے زائد سکول فعال کیے گئے ،خواتین کی تعلیم ہمیشہ سے ہماری ترجیحی رہی ہے ، تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ٹرانسپورٹ بسوں کی فراہمی …

کوئٹہ۔ 06 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کررہے ہیں ،14ہزار سے زائد اساتذہ کی تعیناتی کے بعد 3ہزارسے زائد سکول فعال کیے گئے ،خواتین کی تعلیم ہمیشہ سے ہماری ترجیحی رہی ہے ، تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ٹرانسپورٹ بسوں کی فراہمی سے دور دراز علاقوں میں بچوں اور بچیوں کو سکول تک پہنچنے میں سفر کی معیاری سہولتیں میسر ہوں گی،یہ بسوں کا پہلا فیز ہے ،سکول ٹرانسپورٹ بسوں میں مزید اضافہ کیا جا ئے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے کے مختلف سکولوں کو 176سکول بس ٹرانسپورٹ کی فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ درانی،صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، وآراکین اسمبلی، سیکرٹری تعلیم اسفند یار خان و دیگربھی موجودتھے ۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سکولوں کے بچوں کو بسوں کی فراہمی ہم سب کاایک دیرینہ خواب تھا جو شرمندہ تعبیر ہوگا اور میں اس پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ اور وزرا کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی میں میرے والد نے پہلی دفعہ گرلز سکول کھولا تھا۔ بلوچستان میں تعلیمی نظام کے ڈھانچے میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ جب تک ہماری حکومت ہے تعلیم کے فروغ لیے کام کریں گے، انہوں نے کہا کہ صوبے میں پہلی دفعہ صاف شفاف میرٹ کی بنیاد پراساتذہ کی تعیناتیاں ہوئی ہیں، ماضی میں اساتذہ کی تعیناتی میرٹ کے برخلاف ہوتی تھی ۔اب اساتذہ کنٹریکٹ پر بھرتی کیے جارہے جو ایک اچھا اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ 14ہزار اساتذہ بھرتی کیے جا چکے ہیں اور میرا دعویٰ ہے کہ 99 فیصد بھرتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں۔ ان تعیناتیوں کے بعد کئی سالوں سے بند 3200 سکول دوبارہ کھل گئے ہیں اور اس سیزن کے بعد صوبے کے 100 فیصد سکول کھل جائیں گے، انہوں نے سیکرٹری تعلیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کو جتنی رقم چاہیے، حکومت بلوچستان فراہم کرے گی لیکن سکول بس ٹرانسپورٹ کا سلسلہ رکنا نہیں چاہیے ۔ سکول بسوں کا رنگ پیلا ہونا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔صحت یا تعلیم سمیت کسی بھی شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ تحت کام کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے گورنمنٹ گرلز کالج جناح ٹائون کے لیے دو بسوں کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا کہ صوبے کی قومی شاہرائیں بند نہیں ہوں گی اور الحمدللہ آج تمام سڑکیں کھلی ہیں ۔

 

مزید خبریں