سینیٹ اجلاس ، نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کا سینیٹر عرفان صدیقی کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سینیٹ اجلاس کے دوران مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ساتھ میرا تعلق چار دہائیوں پر محیط ہے، عرفان صدیقی ایک باوقار، شفیق اور علم و ادب سے گہرا تعلق رکھنے والی شخصیت تھی جنہوں نے صحافت کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا اور سیاست …

اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سینیٹ اجلاس کے دوران مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ساتھ میرا تعلق چار دہائیوں پر محیط ہے، عرفان صدیقی ایک باوقار، شفیق اور علم و ادب سے گہرا تعلق رکھنے والی شخصیت تھی جنہوں نے صحافت کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا اور سیاست میں بھی اپنی ذمہ داریاں نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی مارچ 2021 میں سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے اور مختلف کمیٹیوں کے چیئرمین کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ 2019 میں انہیں اُس وقت کی حکومت نے ایک سیاسی قیدی بھی بنایا۔وزیرِ خارجہ نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی تمام ساتھیوں کے ساتھ نہایت شفقت اور خلوص سے پیش آتے تھے۔ انہوں نے بحیثیت پریذائیڈنگ افسر ایوان کو بڑی سنجیدگی اور متانت سے چلایا۔ 2014 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے انہیں ان کی قومی خدمات کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز سے نوازا۔انہوں نے مزید کہا کہ عرفان صدیقی چند ہفتوں سے علیل تھے مگر آخری دنوں تک اپنے دوستوں سے رابطے میں رہے۔

وفات سے دو روز قبل انہوں نے اپنے بیٹے کو نصیحت کی کہ "میاں نواز شریف کے علاوہ تمام چیٹس ڈیلیٹ کر دو” یہ ان کی وفاداری اور اخلاص کی جھلک تھی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ آج کے دور میں عرفان صدیقی جیسے باکردار اور مخلص لوگ بہت کم رہ گئے ہیں۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ آج قومی اسمبلی میں خورشید شاہ بھی وہیل چیئر پر تشریف لائے، ان کی صحت بھی ناساز ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آئینی ترمیم کے دوران جب عرفان صدیقی صاحب ہسپتال میں زیرِ علاج تھے تو انہیں لانے کی پیشکش کی گئی مگر میں نے اخلاقی طور پر یہ نامناسب سمجھا کہ صرف ووٹ کی خاطر بیمار سینیٹر کو ایوان میں لایا جائے۔وزیرِ خارجہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم عرفان صدیقی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل دے۔

مزید خبریں