نمل میں چوتھی انٹرنیشنل کانفرنس برائے انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹنگ ٹیکنالوجیز اختتام پذیر

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) اسلام آباد میں فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹنگ کے زیر اہتمام دو روزہ چوتھی انٹرنیشنل کانفرنس برائے انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹنگ ٹیکنالوجیز منعقد ہوئی جس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین، محققین اور صنعت سے وابستہ نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس میں کلیدی خطابات، تکنیکی سیشنز اور تحقیقی مقالوں کی پیشکش شامل تھی جن میں مصنوعی ذہانت، بڑے لسانی ماڈلز، …

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) اسلام آباد میں فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹنگ کے زیر اہتمام دو روزہ چوتھی انٹرنیشنل کانفرنس برائے انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹنگ ٹیکنالوجیز منعقد ہوئی جس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین، محققین اور صنعت سے وابستہ نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس میں کلیدی خطابات، تکنیکی سیشنز اور تحقیقی مقالوں کی پیشکش شامل تھی جن میں مصنوعی ذہانت، بڑے لسانی ماڈلز، ڈیجیٹل ریزیلینس، الیکٹرک وہیکلز، 6G کمیونیکیشن، بائیومیڈیکل ایپلی کیشنز، ڈیٹا سینٹر ٹیکنالوجی اور سکیورٹی سے متعلق موضوعات زیرِ بحث رہے۔

کانفرنس کے لئے موصول ہونے والے 110 تحقیقی مقالوں میں سے 39 مقالے قومی و بین الاقوامی ماہرین کی دوہری مخفی جانچ کے بعد پیشکش کے لئے منتخب کئے گئے۔ اسی سلسلے میں تین شعبوں ابھرتی ہوئی اے آئی برائے سافٹ ویئر انجینئرنگ، انٹیلی جنٹ سسٹمز ان انجینئرنگ اور سائبر گارڈ اینڈ ڈیجیٹل ریزیلینس میں بہترین تحقیقی مقالہ ایوارڈ بھی دیئے گئے۔ کانفرنس سے خطاب کرنے والوں میں ڈاکٹر معظم علی خٹک، پروفیسر ڈاکٹر نوید اکرام، ڈاکٹر آصف گل، پروفیسر ڈاکٹر محمود نیازی سمیت صنعت کے نمائندگان ڈاکٹر شواب خان اور برکان سعید شامل تھے۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر حافظ اللہ خان تھے جبکہ ڈاکٹر نوشیروان شوائب (چیئرمین آئی ای ای ای اسلام آباد سیکشن) نے بھی کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی جی نمل بریگیڈیئر محمد رفیق خان اور ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ و کانفرنس چیئر ڈاکٹر نعمان ملک نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد کو تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نمل صنعت اور اکیڈمیا کے مابین مضبوط روابط اور جدید تحقیق کے فروغ کے لئے اپنا کردار جاری رکھے گی۔