اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):پاکستان نے افغانستان کے ساتھ اپنی سرحد کے قریب تاجکستان میں ایک گھنائونے دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر عوامی جمہوریہ چین کی حکومت اور عوام کے ساتھ ساتھ تاجکستان کی حکومت اور عوام سے اپنی گہری تعزیت اور مضبوط یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان چینی …
پاکستان تاجکستان میں دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر چین اور تاجکستان سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے،ترجمان دفتر خارجہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):پاکستان نے افغانستان کے ساتھ اپنی سرحد کے قریب تاجکستان میں ایک گھنائونے دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر عوامی جمہوریہ چین کی حکومت اور عوام کے ساتھ ساتھ تاجکستان کی حکومت اور عوام سے اپنی گہری تعزیت اور مضبوط یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان چینی شہریوں پر ہونے والے اس بزدلانہ حملے کی واضح الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ اس واقعے میں مسلح ڈرونز کا استعمال افغانستان سے آنے والے خطرے کی سنگینی اور اس کے پیچھے کارفرما افراد کی ڈھٹائی کو واضح کرتا ہے۔ بیان کے مطابق ایک پڑوسی کے طور پر جو بار بار افغان سرزمین سے دہشت گردی کے حملوں کا شکار ہوا ہے، پاکستانی عوام چینی دوستوں اور تاجک شراکت داروں کے دکھ اور غم کو پوری طرح سمجھتے اور اس میں شریک ہیں۔
ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان نے مسلسل اس بات پر زور دیا ہے کہ افغان سرزمین اپنے پڑوسیوں یا کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے، دہشت گرد عناصر کی جانب سے افغان سرزمین کا بار بار استعمال اور افغان طالبان حکومت کی سرپرستی میں ان کی مسلسل موجودگی پورے خطے اور وسیع تر عالمی برادری کے لیے تشویشناک ہے۔
بیان کے مطابق افغان سرزمین سے دہشت گرد گروپوں، ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں، سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف ٹھوس اور قابل تصدیق کارروائی ہی اس بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کا واحد راستہ ہے، پاکستان اپنے مشترکہ پڑوس میں امن، استحکام اور سلامتی کو فروغ دینے کے لیے چین، تاجکستان اور دیگر علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔








