اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہواجس میں آزاد جموں و کشمیر کی ایکشن کمیٹی سے ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پاور ڈویژن، نیشنل ہیلتھ سروسز، وفاقی تعلیم، آئی ٹی و ٹیلی کام، ایوی ایشن ڈویژن، مواصلات، اقتصادی امور ڈویژن، خزانہ اور منصوبہ بندی و ترقی …
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، آزاد جموں و کشمیر ایکشن کمیٹی سے ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہواجس میں آزاد جموں و کشمیر کی ایکشن کمیٹی سے ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پاور ڈویژن، نیشنل ہیلتھ سروسز، وفاقی تعلیم، آئی ٹی و ٹیلی کام، ایوی ایشن ڈویژن، مواصلات، اقتصادی امور ڈویژن، خزانہ اور منصوبہ بندی و ترقی سمیت مختلف وفاقی وزارتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
سیکرٹری امورِکشمیر، گلگت بلتستان و سیفران ظفر حسن، ایڈیشنل سیکرٹری کامران رحمان خان اور چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان بھی اجلاس میں موجود تھے۔ وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام نے متعلقہ وفاقی وزارتوں اور محکموں کو ہدایت کی کہ وہ معاہدے پر مکمل اور فوری عملدرآمد یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واضح ہدایات جاری کی ہیں اور وہ خود معاہدے پر عملدرآمد کی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔انجینئر امیر مقام نے بتایا کہ آئندہ اجلاس جلد مظفرآباد میں منعقد ہوگا، ہم آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو جلد خوشخبری دیں گے۔ اعلیٰ حکام نے اجلاس کو ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدے کی روشنی میں مختلف منصوبوں پر عمل درآمد کی صورتحال بارے آگاہ کیا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے معاہدے پر عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اجلاس جلد مظفرآباد میں ہوگا، آزاد جموں و کشمیر کے لوگوں کو جلد اچھی خبریں ملیں گی، انہوں نے مجموعی طور اب تک کی پیش رفت کو مثبت قرار دیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جو نقاط طے پا گئے ہیں کشمیر حکومت کے ساتھ مل کر ان پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔








