پاکستان میں پلاسٹک ویسٹ کلیکشن پراجیکٹ کے لیے کوکا کولا فائونڈیشن کی جانب سے اقوام متحدہ کو 5 لاکھ امریکی ڈالر کی معاونت

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):کوکا کولا فائونڈیشن نے اقوام متحدہ کے دفتر برائے پراجیکٹ سروسز (یو این او پی ایس) کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے پاکستان میں ایک پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے جس کا مقصدپاکستان کی پیٹ (PET) ری سائیکلنگ ویلیو چین میں پائیداری اور باعزت روزگار کو فروغ دیناہے۔ اس مقصد کے لیے فائونڈیشن کی جانب سے 5 لاکھ امریکی ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی …

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):کوکا کولا فائونڈیشن نے اقوام متحدہ کے دفتر برائے پراجیکٹ سروسز (یو این او پی ایس) کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے پاکستان میں ایک پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے جس کا مقصدپاکستان کی پیٹ (PET) ری سائیکلنگ ویلیو چین میں پائیداری اور باعزت روزگار کو فروغ دیناہے۔ اس مقصد کے لیے فائونڈیشن کی جانب سے 5 لاکھ امریکی ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی گئی ہے۔ یہ پراجیکٹ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں شروع کیا جائے گا جہاں روزانہ 3,300 ٹن سے زائد کچرا پیدا ہوتا ہے جس کا تقریباً 79 فیصد حصہ ری سائیکلنگ کے قابل ہے۔

یہ شراکت داری اسلام آباد میں باضابطہ طورپر طے پائی جس میں ڈاکٹر فیصل ہاشمی،سینئر ڈائریکٹر، پبلک افیئرز، کمیونیکیشن اینڈ سسٹین ایبلٹی، کوکا کولاپاکستان، جینیفر اینکرم،کنٹری منیجر، یو این او پی ایس پاکستان اور گیر ٹونسٹول، کنٹری ڈائریکٹر، آئی ایل او پاکستان سمیت آئی ایل او کے دیگر نمائندگان بھی موجود تھے۔پراجیکٹ کی اہم سرگرمیوں میں ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق چیلنجز کا جامع تجزیہ، ویسٹ اٹھانے اور ویسٹ ہینڈلرز کے لیے پیشہ ورانہ تحفظ و صحت کی تربیت، کچرا اٹھانے والوں کے لیے کوآپریٹوز کی تشکیل میں معاونت اور پیٹ ری سائیکلنگ ویلیو چین کی تشخیص اور سٹرکچرتیار کرنے پر مبنی تفصیلی مطالعہ شامل ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ آئی ایل او ایک یو این خصوصی ایجنسی کے طور پر محنت کشوں کے حقوق، پیشہ ورانہ صحت و تحفظ، اور غیر رسمی محنت کشوں کی رسمی حیثیت سے متعلق اپنی تکنیکی مہارت فراہم کرے گی۔کوکا کولافائونڈیشن کے صدر، کارلوس پاگوگا نے کہا کہ یو این او پی ایس کے ساتھ شراکت داری کوکا کولا فائونڈیشن کے اس عزم کو تقویت دیتی ہے کہ وہ ویسٹ کلیکشن اور مینجمنٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ان غیر رسمی کچرا اٹھانے والوں کو بھی وہ شناخت، تحفظ اور ترقی کے مواقع فراہم کرے جو اس پورے نظام کی بنیاد ہیں۔ڈاکٹر فیصل ہاشمی، سینئر ڈائریکٹر، کوکا کولا پاکستان نے کہا کہ ہم کوکا کولا فائونڈیشن کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اس اہم پراجیکٹ کی معاونت کی۔ یہ اقدام مقامی کمیونٹی میں باہمی فوائد اور پائیدار ترقی کے سفر میں ایک قابل قدر پیش رفت ہے۔

یو این او پی ایس پاکستان کی کنٹری منیجر جینیفر اینکرم نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے ذریعے پیٹ ری سائیکلنگ ویلیو چین کو مضبوط بنانے سے نہ صرف پلاسٹک آلودگی کے بڑھتے ہوئے مسئلے سے نمٹنے میں مدد ملے گی بلکہ یہ پاکستان کے غیر رسمی کچرا اٹھانے والوں کو محفوظ، مستحکم اور باعزت روزگار فراہم کرنے میں بھی معاون ہوگا۔ کوکا کولا فائونڈیشن کے ساتھ مل کر ہم فضلے کو ایک قیمتی معاشی موقع میں تبدیل کرنے کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔آئی ایل اوپاکستان کے ڈائریکٹر گیر ٹونسٹول نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیٹ ری سائیکلنگ ویلیو چین میں منصفانہ اور پائیدار تبدیلی ممکن ہی تب ہے جب سماجی مکالمے کو فروغ دیا جائے اور انسانی سرمائے پر سرمایہ کاری کی جائے۔

یہ شراکت داری باعزت روزگار کے مواقع پیدا کرنے، محنت کشوں کی صلاحیتیں بہتر بنانے اور او ایس ایچ پروٹوکول کو مضبوط کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے مطابق پاکستان میں سالانہ تقریباً 20 لاکھ ٹن پلاسٹک ویسٹ پیدا ہوتا ہے جس میں سے 86 فیصد مناسب طریقے سے ٹھکانے نہیں لگایا جاتا۔

دیگر ترقی پذیر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی ویسٹ کلیکشن اور مینجمنٹ کے شعبے میں بڑی مشکلات کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں ماحولیاتی مسائل جنم لیتے ہیں۔ یہ پائلٹ پراجیکٹ ایک ایسے پائیدار اور جامع فریم ورک کی راہ ہموار کرے گا جسے قومی سطح پر اپنا کر پاکستان میں ویسٹ کلیکشن، مینجمنٹ اور ری سائیکلنگ کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے گا۔

 

مزید خبریں