استنبول۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے استنبول میں منعقد ہونے والے 5ویں ای سی او وزارتی اجلاس کے موقع پر ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات سے اہم ملاقات کی جس میں پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور …
وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان کی ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات سے اہم ملاقات

مزید خبریں
استنبول۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے استنبول میں منعقد ہونے والے 5ویں ای سی او وزارتی اجلاس کے موقع پر ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات سے اہم ملاقات کی جس میں پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کو آئندہ برسوں میں 5 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا، اس مقصد کے لئے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ای سی او وزارتی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر ترکیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی تجارت و تعاون کے فروغ کے لئے ترکیہ کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔انہوں نے اس موقع پر اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ ترکیہ پاکستانی گوشت اور چاول کی برآمدات پر غور کرے کیونکہ پاکستان کی معیاری مصنوعات مسابقتی قیمتوں پر دستیاب ہیں جو ترکیہ کی مارکیٹ کے لئے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہیں۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک نہ صرف تجارت بلکہ سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ اور دیگر معاشی شعبوں میں بھی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔








