اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر علی لاریجانی نے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کے ساتھ وفود کی سطح پر باضابطہ بات چیت کی اور صدرمملکت، وزیراعظم، سپیکر قومی اسمبلی، نائب وزیراعظم اور آرمی چیف سے بھی ملاقات کی۔ ترجمان نے جمعہ کو یہاں …
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری کے دورہ نے پاکستان-ایران دوطرفہ تعلقات میں مثبت رفتار کو مزید تقویت دی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر علی لاریجانی نے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کے ساتھ وفود کی سطح پر باضابطہ بات چیت کی اور صدرمملکت، وزیراعظم، سپیکر قومی اسمبلی، نائب وزیراعظم اور آرمی چیف سے بھی ملاقات کی۔
ترجمان نے جمعہ کو یہاں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ ان ملاقاتوں میں بات چیت کے دوران دونوں فریقین نے سیاسی مصروفیات، تجارتی اور اقتصادی تعاون، انسداد دہشت گردی اور بارڈر سکیورٹی، علاقائی رابطوں، ثقافتی اور عوامی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں نے اس انداز میں تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا جس سے باہمی خوشحالی اور علاقائی امن و استحکام میں مدد ملے۔
ترجمان نے کہا کہ دونوں فریقوں نے استحکام اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے قریبی رابطہ کاری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کلیدی علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی جامع تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران نے علاقائی اور کثیر جہتی فورمز پر مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اس دورے نے پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات میں مثبت رفتار کو مزید تقویت دی جبکہ وسیع تر تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیا۔








