اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):اسلام آباد میں پہلے بین الاقوامی مقابلۂ قرأت کی شاندار تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری، حنیف عباسی، مختلف ممالک کے سفراء، ارکانِ پارلیمنٹ اور ممتاز علمائے کرام بھی شریک ہوئے۔تقریب کے دوران وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید …
بین الاقوامی مقابلۂ قرأت ،پوزیشن ہولڈرز میں کیش انعامات کی تقسیم

مزید خبریں
اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):اسلام آباد میں پہلے بین الاقوامی مقابلۂ قرأت کی شاندار تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری، حنیف عباسی، مختلف ممالک کے سفراء، ارکانِ پارلیمنٹ اور ممتاز علمائے کرام بھی شریک ہوئے۔تقریب کے دوران وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء اللہ نے خطاب کیا۔سردار یوسف نے کہا کہ وزارتِ مذہبی امور کے زیرِ اہتمام یہ بین الاقوامی مقابلہ پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔

قرآن مجید دلوں کو جوڑنے اور روح کو سکون دینے کا ذریعہ ہے، اور پاکستان کا قرآن سے خصوصی تعلق ہے کیونکہ یہ ملک 27 رمضان المبارک کو وجود میں آیا اور قرآن بھی اسی تاریخ کو نازل ہوا۔انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 37 ممالک کے قرّاء نے اس مقابلے میں حصہ لیا، جو پاکستان کے لیے ایک اعزاز ہے۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کو 50 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن والے کو 30 لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن کے حامل قاری کو 20 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔وزیر مذہبی امور نے کہا کہ قرآن مجید ہمارے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے اور دنیا بھر کے قرّاء کی شرکت یکجہتی، امن اور اتحاد کا پیغام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تلاوتِ قرآن کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات قابلِ تحسین ہیں اور قاری حضرات کی قرأت سے دل منور ہوگئے۔سردار یوسف نے بتایا کہ سابق دورِ حکومت میں اسلامی اصلاحات کا آغاز کیا گیا تھا، جن میں نظامِ صلوٰۃ بھی شامل تھا، تاہم یہ سلسلہ تعطل کا شکار ہوگیا تھا۔ موجودہ حکومت نے نظامِ صلوٰۃ اور باجماعت نماز کے قیام کے لیے دوبارہ جامع حکمتِ عملی کے ساتھ کام شروع کر دیا ہے، جو ملک بھر میں علمائے کرام کی مشاورت سے نافذ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عربی سیکھنا وقت کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان میں قرآن کی تلاوت تو کی جاتی ہے مگر سمجھنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ اس مقصد کے لیے جامعات میں عربی زبان کے خصوصی کورسز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔سردار یوسف نے اعلان کیا کہ بین الاقوامی مقابلۂ قرأت ہر سال منعقد کیا جائے گا اور اگلے برس نہ صرف مسلم ممالک بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے تمام مسلمان ممالک کے قرّاء کو اس مقابلے میں مدعو کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس مقابلے نے عالمی سطح پر قرآن کا پیغام امن اور وحدت کے ساتھ پہنچایا ہے۔تقریب کے آخر میں وزیر مذہبی امور نے وزیر اعظم شہباز شریف، قاری سید صداقت، متعلقہ اداروں اور دفترِ خارجہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس عالمی ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔








