اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):دنیا بھر میں ہفتہ کو فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن منایا گیا۔ اس عالمی دن کے موقع پر پاکستان نے ایک بار پھر عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور فلسطینی عوام پر جاری ظلم و ستم کا فوری نوٹس لے اور خطے میں دیرپا امن کے لیے عملی کردار ادا کرے۔ یہ دن …
عالمی برادری اسرائیلی جارحیت، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور فلسطینی عوام پر جاری ظلم و ستم کا فوری نوٹس لے ، پاکستان

مزید خبریں
اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):دنیا بھر میں ہفتہ کو فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن منایا گیا۔ اس عالمی دن کے موقع پر پاکستان نے ایک بار پھر عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور فلسطینی عوام پر جاری ظلم و ستم کا فوری نوٹس لے اور خطے میں دیرپا امن کے لیے عملی کردار ادا کرے۔ یہ دن اقوامِ متحدہ کی اُس تاریخی قرارداد کی یاد دلاتا ہے جس میں عالمی امن کے قیام کے لیے فلسطین کے دو ریاستی حل کو ناگزیر قرار دیا گیا تھا۔ تاہم قرارداد کی موجودگی کے باوجود فلسطین خصوصاً غزہ میں اسرائیلی بربریت اور جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
عالمی اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں جاری اسرائیلی دہشتگردی کے نتیجے میں اب تک 69 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 50 فیصد سے زیادہ خواتین اور بچے شامل ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں سینکڑوں ڈاکٹرز، صحافی اور وکلاء بھی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 170,965 فلسطینی شدید زخمی ہوئے۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ میں بڑے پیمانے پر ہزاروں ٹن دھماکہ خیز مواد استعمال کیا جس سے گھروں، رہائشی عمارتوں اور شہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا۔ مسلسل بمباری کے باعث غزہ کے لاکھوں بےگناہ شہری خوراک، ادویات اور صاف پانی کی بدترین قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔
پاکستان نے ہمیشہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کے حق میں دو ٹوک موقف اختیار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے متعدد عالمی فورمز پر غزہ میں جاری مظالم کے خلاف آواز اٹھائی، جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی کئی مواقع پر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کے لیے بھرپور مؤقف اختیار کیا۔پاکستان نہ صرف سفارتی سطح پر فلسطینی عوام کی حمایت کرتا رہا ہے بلکہ مختلف اوقات میں بڑے پیمانے پر امدادی سامان بھیج کر مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ عملی یکجہتی کا ثبوت بھی دیا ہے۔








