آئی بی سی سی کی قومی ورکشاپ اختتام پذیر، ماہر تربیت کاروں اور آئٹم رائٹرز کی شرکت

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کی جانب سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقدہ دو روزہ قومی کنسولیڈیشن ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی، جس میں ملک بھر کے ماسٹر ٹرینرز اور آئٹم رائٹرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کیا گیا۔اختتامی تقریب میں وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے شرکت کی۔ آمد پر آئی بی سی …

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کی جانب سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقدہ دو روزہ قومی کنسولیڈیشن ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی، جس میں ملک بھر کے ماسٹر ٹرینرز اور آئٹم رائٹرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کیا گیا۔اختتامی تقریب میں وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے شرکت کی۔ آمد پر آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے ان کا خیرمقدم کیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق یہ صلاحیت سازی پروگرام وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی حکمتِ عملی اور مضبوط ادارہ جاتی معاونت کے تحت منعقد کیا گیاجس کا مقصد ملک میں امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے اس کی معیاریت اور اعتماد میں اضافہ کرنا ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے اس موقع پر اساتذہ کو بااختیار بنانے اور جدید تعلیمی معیارات کے مطابق امتحانی اصلاحات کے لیے آئی بی سی سی کی بہتر کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات وزارت کے طویل المدتی وژن کے عین مطابق ہیں جن کے ذریعے قومی اسسمنٹ فریم ورک کو مضبوط بنایا جارہا ہے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اساتذہ ہماری آنے والی نسل کا مستقبل تراشتے ہیں۔ وہ ایک باصلاحیت، تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ قوم کے اصل معمار ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ پائیدار اصلاحات اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور معیاری اسسمنٹ پر مبنی ہونی چاہئیں۔تقریب میں فرح ناز اکبر نے نمایاں ماسٹر ٹرینرز میں شیلڈز تقسیم کیں جبکہ تمام شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔قبل ازیں ڈاکٹر غلام علی ملاح نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے ماہر اساتذہ کی تربیت سے یہ علم ان کے اداروں اور پیشہ ورانہ حلقوں تک منتقل ہوگا۔

انہوں نے جدید آئٹم ڈویلپمنٹ کے معیار کو فروغ دینے کے لیے آئی بی سی سی کی مسلسل قیادت کو اہم سنگِ میل قرار دیا۔انہوں نے ڈیجیٹل اسسمنٹ پلیٹ فارمز اور ٹولز میں مہارت کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ امتحانی سوالات کی تیاری میں ذہین اور خودکار نظام کو فروغ دیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ایک ایسا مستقبل ہے جہاں امتحانی پرچے مؤثر، شفاف اور درست طریقے سے تیار ہوں تاکہ اسمارٹ جنریشن سسٹمز کے ذریعے دستی کام میں نمایاں کمی، معیار میں بہتری اور اسسمنٹ پر عوامی اعتماد مضبوط ہو سکے۔ورکشاپ ملک بھر میں امتحانی نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی، اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت سازی، معیاری قابلیت پر مبنی اصلاحات اور اسسمنٹ لٹریسی کو فروغ دینے کے آئی بی سی سی کے جاری مشن میں ایک اور قومی اہمیت کی پیش رفت ثابت ہوئی۔

 

مزید خبریں