اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس کے موقع پر پارٹی کی قیادت، کارکنان اور جیالوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے پیپلز پارٹی کے تاریخی کردار کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ہفتہ کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان پیپلز …
پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں آئین کی بالادستی، انسانی حقوق کے تحفظ اور جمہوری قدروں کے فروغ میں صفِ اوّل کا کردار ادا کیا ،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی پی پی پی کے 58ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس کے موقع پر پارٹی کی قیادت، کارکنان اور جیالوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے پیپلز پارٹی کے تاریخی کردار کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ہفتہ کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی، جو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی ولولہ انگیز قیادت میں قائم ہوئی اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد اور عظیم قربانیوں سے مضبوط ہوئی، ہمیشہ جمہوری استقامت کی علامت رہی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں آئین کی بالادستی، انسانی حقوق کے تحفظ اور جمہوری قدروں کے فروغ میں صفِ اوّل کا کردار ادا کیا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے اہم کردار کو بھی سراہاجنہوں نے ایک نازک دور میں مفاہمت کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے آئین کی بحالی، پارلیمان کے استحکام اور جمہوری عمل کو تقویت دی۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کی بردباری اور سیاسی بصیرت نے ملک کو سیاسی ہم آہنگی اور ادارہ جاتی استحکام کی جانب گامزن کیا۔چیئرمین سینیٹ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی متحرک قیادت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی میں نئی توانائی، جدید وژن اور نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دیا ہے۔ ان کی خارجہ پالیسی، نوجوانوں کے حقوق اور جامع ترقی کے لیے کوششیں پیپلز پارٹی کے مستقبل بین کردار کی عکاس ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے پیپلز پارٹی کی خواتین کے حقوق، مزدوروں کے مفادات اور شمولیتی طرزِ حکمرانی کے لیے مسلسل جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا ترقی پسند ایجنڈا اور سماجی انصاف کا وژن دیرپا اصلاحات کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ محروم طبقات کے حقوق کا دفاع کیا ہے اور سخت ترین حالات میں بھی جمہوری اصولوں کا علم بلند رکھا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جمہوری اداروں کے استحکام اور ایک پرامن، خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔ آخر میں سید یوسف رضا گیلانی نے پارٹی قیادت اور کارکنان کو یومِ تاسیس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مستقبل میں بھی جمہوریت کے فروغ، بنیادی حقوق کے تحفظ اور قومی یکجہتی کے استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔








