اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور اوصاف پبلیکیشنز کے سربراہ مہتاب خان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور ممتاز صحافی مرحوم عرفان صدیقی کے گھر جا کر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے مرحوم عرفان صدیقی کی علمی گہرائی، ادبی بصیرت اور سیاسی فہم …
مولانا فضل الرحمان اور مہتاب خان کی عرفان صدیقی کے اہلِ خانہ سے تعزیت، مرحوم کی علمی و فکری خدمات کو خراجِ عقیدت

مزید خبریں
اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور اوصاف پبلیکیشنز کے سربراہ مہتاب خان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور ممتاز صحافی مرحوم عرفان صدیقی کے گھر جا کر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے مرحوم عرفان صدیقی کی علمی گہرائی، ادبی بصیرت اور سیاسی فہم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فکری اور تخلیقی خدمات نے انہیں پاکستان کے ممتاز دانشوروں اور لکھاریوں میں بلند مقام عطا کیا۔
انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی اختلافِ رائے بھی شائستگی، دلیل اور تہذیب کے ساتھ کرتے تھےاور یہی ان کی شخصیت کا منفرد وصف تھا۔سابق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثناء اوصاف پبلیکیشنز کے سربراہ مہتاب خان سینئر کالم نگار علامہ نوید مسعود ہاشمی کے ہمراہ مرحوم کے صاحبزادگان عمران صدیقی اور ڈاکٹر نعمان صدیقی سے اظہارِ تعزیت کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے۔انہوں نے عرفان صدیقی کو اصولوں پر قائم رہنے والی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے افکار و نظریات کی بنیاد اللہ اور اس کے رسول حضرت محمد ﷺ سے والہانہ محبت پر استوار تھی۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ قلم کو ایمانداری اور دیانت کے ساتھ استعمال کیا اور مجید نظامی و عرفان صدیقی جیسے نظریاتی لوگوں کا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔مرحوم کے صاحبزادگان عمران صدیقی اور ڈاکٹر نعمان صدیقی نے تعزیت کے لیے آنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔روحانی پیشوا پیر آغا جی سرکار نے اجتماعی دعا کروائی جبکہ وزیرِاعظم شہباز شریف کے سپیچ رائٹر ارشد ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔








